میونخ، جرمنی (شِنہوا) چین نے کہا ہے کہ وہ سلامتی اور استحکام کو برقرار رکھنے کے ساتھ ساتھ ترقی اور جدت کے حصول کے لیے پاکستان کی بھرپور حمایت کرتا ہے اور پاکستان کو عارضی مشکلات پر قابو پانے میں مدد کرنے کے لیے اپنی بہترین صلاحیت کے مطابق مدد فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔
کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ(سی پی سی) کی مرکزی کمیٹی کے خارجہ امور کمیشن دفتر کے ڈائریکٹر وانگ یی نے 59ویں میونخ سیکورٹی کانفرنس کے موقع پر وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران سی پی سی کی مرکزی کمیٹی کے پولیٹیکل بیورو کے رکن وانگ نے کہا کہ چین اور پاکستان ہمہ موسمی تزویراتی تعاون پر مبنی شراکت دار ہیں اور دونوں ممالک کی دوستی چٹان کی طرح مضبوط ہے۔
انہوں نے کہا کہ چین پاکستان کے ساتھ مل کر دونوں ممالک کے رہنماؤں کے درمیان طے پانے والے تزویراتی اتفاق رائے کو عملی جامہ پہنانے اور نئے دور میں ہم نصیب مستقبل پر مبنی مزید قریبی برادری بنانے کے لیے تیار ہے۔
بلاول بھٹو نے پاک چین تعلقات میں بہتری پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چین پاکستان کا ہمہ وقت دوست ہے اور چین کے ساتھ تعلقات کو مضبوط بنانا اور چین پاکستان اقتصادی راہداری کی تعمیر کو فروغ دینا پاکستان کی خارجہ پالیسی کا ایک اہم ستون ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان پرعزم طریقے سے دہشت گردی کا مقابلہ کرے گا اور پاکستان میں چینی کاروباری اداروں اور شہریوں کے تحفظ کے لیے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھے گا۔
دونوں رہنماؤں نے موجودہ بین الاقوامی صورتحال میں باہمی تعاون کو مضبوط بنانے پر بھی تبادلہ خیال کیا۔