• Dublin, United States
  • |
  • May, 18th, 24

شِنہوا پاکستان سروس

چین سے ملنے والی کوچز کے تحفہ سے ٹرین کا سفر آرام دہ ہوگیا ہے:پاکستانی مسافرتازترین

February 02, 2023

اسلام آباد(شِنہوا) مدیحہ عثمان کوٹرین کے سفر کا بہترین تجربہ اس وقت حاصل ہوا جب اس نے گرین لائن ایکسپریس ٹرین سروس میں حال ہی میں متعارف کرائی گئی بوگیوں میں اسلام آباد سے لاہور تک سفر کیا۔

اپنے چار بچوں کے ساتھ سفر کرتے ہوئے  گرین لائن ایکسپریس ٹرین کے بارے میں بات کرتے ہوئے مدیحہ عثمان نے کہا کہ جب سے اس نے سوشل میڈیا پر ان بوگیوں کے بارے میں سنا وہ بے چینی سے نئی کوچز کی منتظر تھیں۔

ٹرین میں اپنے سامنے ایل ای ڈی اسکرین کو چیک کرتے ہوئے، مدیحہ نے بتایا کہ انہیں لاہور میں اپنی بہن سے ملنے جانا تھا لیکن چینی کوچز کو گرین لائن ایکسپریس ٹرین میں متعارف کرائے جانے تک انہوں نے اپنے سفر میں تاخیر کی،میں یہ کہہ سکتی ہوں کہ ریلوے کے ساتھ سفر کے دوران اتنا اچھا تجربہ کبھی نہیں ہوا، میں اپنے رشتہ داروں اور دوستوں سے بھی کہتی ہوں کہ وہ اپنے سفر کے لیے آرام دہ ٹرین کا انتخاب کریں۔

گرین لائن ایکسپریس ٹرین کا آپریشن سیلاب کی وجہ سے تقریباً پانچ ماہ تک  رکا رہا ہے کیوںکہ  سندھ میں ریلوے ٹریک ڈوب گئے تھے،یہ سروس چین سے منگوائی گئیں نو بوگیوں کے ساتھ دوبارہ شروع ہو گئی ہے، جن میں چھ بوگیاں چائنہ ریلوے رولنگ سٹاک کارپوریشن تانگشان کمپنی سے 2022 کے آخر میں درآمد کی گئی تھیں جبکہ 2015 میں چین سے درآمد کی گئی تین کوچز کی تزئین وآرائش کی گئی ہے۔ راولپنڈی ریلوے اسٹیشن کے سپرنٹنڈنٹ ضریرمحمود نے کہا کہ اس بات کو مدنظر رکھتے ہوئے کہ بوگیاں سسٹم میں بہترین ہیں، محکمہ ریلوے نے بھی ان میں سفر کرنے والوں کو بہترین سہولیات فراہم کی ہیں۔ انہوں نے شِنہوا کو بتایا کہ لاہور سے کراچی کے درمیان ٹکٹ تقریباً 8ہزار500 روپے ہے، جو دوسری ٹرینوں سے قدرے زیادہ ہے، لیکن مسافروں کو معیاری کھانا، مفت چائے اور ذاتی استعمال کی اشیاء فراہم کی جاتی ہیں۔ ضریرمحمود نے کہا کہ مسافروں کی جانب سے مثبت ردعمل کی وجہ سے 27 جنوری کو لانچ ہونے کے بعد سے 10 دنوں سے زیادہ کی  تمام ٹکٹیں  پہلے سے بک ہو چکی ہیں۔