ووہان(شِنہوا) چین پاکستان ہارٹیکلچر ریسرچ اینڈ ڈیمانسٹریشن سینٹر کا افتتاح کردیا گیا، افتتاحی تقریب ہواژونگ زرعی یونیورسٹی اور زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں مشترکہ طور پر آف لائن اور آن لائن منعقد ہوئی۔ تقریب میں، دونوں یونیورسٹیز میں"چین پاکستان ہارٹیکلچر ریسرچ اینڈ ڈیمانسٹریشن سینٹر" کی نقاب کشائی کرتے ہوئے "سیڈ منی" کے پہلے بیچ کی مالی اعانت سے چار مشترکہ تحقیقی منصوبوں کے سربراہوں کو تقرری کے خطوط جاری کیےگئے۔ چین میں پاکستانی سفارتخانے کی تھرڈ سیکرٹری اور ایگریکلچر کوآرڈینیٹر رابعہ ناصر نے کہا کہ زراعت بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے کا ایک اہم حصہ ہے اور انہیں یقین ہے کہ سینٹر کے قیام سے چین اور پاکستان کے درمیان سائنسی تعاون اور باغبانی کے شعبے میں جدت میں بہت زیادہ اضافہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ چین میں پاکستان کا سفارت خانہ اس مرکز کے قیام کے لیے تعاون جاری رکھے گا اور باغبانی کی صلاحیتوں کی تربیت اور تحقیقی نتائج کے فروغ میں نئی پیش رفت کا خواہاں ہے۔
ہوا ژونگ زرعی یونیورسٹی کے صدر لی ژاؤہو نے کہا کہ یونیورسٹی "سیڈ فنڈ" اور دیگر ذرائع سے باغبانی سائنس میں جدید تحقیق، سائنسی اور تکنیکی کامیابیوں پر عملدرآمد اور باغبانی سے منسلک پیشہ ور افراد کی تربیت کے شعبوں میں دونوں اداروں کے درمیان عملی تعاون میں مزید مدد کرتے ہوئے دونوں ممالک میں باغبانی کی صنعت کی اعلیٰ معیار کی ترقی کو فروغ دے گی۔
یونیورسٹی آف ایگریکلچر فیصل آباد کے صدر پروفیسر اقرار احمد خان نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد اور ہوا ژونگ زرعی یونیورسٹی 10 سال سے زائد عرصے سے افرادی تربیت اور سائنسی تحقیق میں تبادلے اور تعاون کر رہی ہیں اورمشترکہ طور پر"چین پاکستان ہارٹیکلچر ریسرچ اینڈ ڈیمانسٹریشن سینٹر کے قیام نے دونوں ممالک کے درمیان باغبانی کے شعبے میں سائنسی تعاون کے ایک نئے باب کا آغاز کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد اساتذہ اور طلباء کے تبادلے کے پروگرامز، مشترکہ تحقیقی منصوبوں، مشترکہ پوسٹ گریجویٹ ٹریننگ (1+2) اور مشترکہ انڈرگریجویٹ ٹریننگ (2+2) کو فروغ دینے کے لیے اس سنٹرپر انحصار کرے گی تاکہ اس شعبے میں تعاون اور تبادلوں کو مزید مستحکم کیا جا سکے۔ چائنہ پاکستان ہارٹیکلچر ریسرچ اینڈ ڈیمانسٹریشن سینٹر ہواژونگ ایگریکلچر یونیورسٹی اور یونیورسٹی آف ایگریکلچر فیصل آباد نے مشترکہ طور پر قائم کیا ہے اور یہ بنیادی طور پر لیموں اورسبزیوں کی بریڈنگ، کاشت کی ٹیکنالوجی، فصل کے بعد حیاتیات اور ٹیکنالوجی، لینڈ اسکیپ گارڈن پلاننگ اینڈ ڈیزائن، آرائشی باغبانی کی تحقیق، زرعی میکانائزیشن وآلات سازی اور بائیو ٹیکنالوجی زراعت جیسے باغبانی کے شعبوں میں تحقیقی تعاون اور تبادلے کے لیے وقف ہے ۔