نان چھانگ(شِنہوا)چین کے مشرقی صوبہ جیانگشی کے دارالحکومت نان چھانگ میں وی آر انڈسٹری پر ہونیوالی عالمی کانفرنس 2022ء میں مجموعی طور پر 71 ارب 67 کروڑ یوآن(تقریباً 10 ارب 11 کروڑ امریکی ڈالر) مالیت کے مجموعی طور پر 107 منصوبوں پر دستخط کیے گئے ہیں ۔ کانفرنس گزشتہ روز اختتام پذیر ہو گئی ہے۔
وی آر(ورچوئل رئیلٹی ) صنعت سے متعلق منصوبوں کی کل کنٹریکٹ ویلیو گزشتہ سال کی نسبت 16.52 فیصد اضافہ کے ساتھ 33 ارب 92 کروڑ یوآن ہے اور الیکٹرانک معلومات سے متعلقہ صنعتی منصوبوں کی کل مالیت 37 ارب 74 کروڑ یوآن ہے۔
"وی آر دنیا کو بارونق بناتا ہے ، وی آر میٹاورس کو روشن کرتا ہے" کے موضوع پر منعقدہ 2 روزہ تقریب میں ترقی کے رحجانات ، چیلنجز اور ان کے حل ، جدید ٹیکنالوجیز اور وی آر انڈسٹری میں جدید ترین پروڈکٹس پر روشنی ڈالی گئی ۔
2018ء میں اپنے پہلے ایڈیشن کے بعد سے ہر سال نان چھانگ میں وی آر انڈسٹری کانفرنس کا انعقاد کیا جاتا ہے ۔ پہلی 4 تقریبات کے دوران مجموعی طور پر 2 کھرب 65 ارب یوآن مالیت کے 435 منصوبوں پر دستخط کیے جا چکے ہیں۔