بیجنگ (شِںہوا) چین نوول کرونا وائرس انفیکشن کے حساس ترین افراد کی شناخت کے لئے ایک سروے کررہا ہے جس میں بزرگ اور بنیادی امراض میں مبتلا افراد بھی شامل ہیں۔
قومی صحت کمیشن کے شعبہ بنیادی صحت کے سربراہ نی چھن لائی نے بیجنگ میں ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ تمام علاقوں میں 65 برس اور اس سے زائد عمر کے افراد کی صحت بارے سمجھ بوجھ ضروری ہے، اس میں ایسے افراد شامل ہیں جو خاص طور پر دل کے عارضہ، فالج اور ہائپرٹینشن جیسے امراض میں مبتلا ہیں۔
عہدیدار کے مطابق سروے کے بعد بزرگ افراد کی ان کی بنیادی بیماریوں ، عمر اور نوول کرونا وائرس ویکسی نیشن کے تحت درجہ بندی کی جاسکے گی۔
نی نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد دیرینہ بیماریوں میں مبتلا معمر افراد کے لئے مخصوص خدمات فراہم کرنا ہے تاکہ محدود طبی وسائل کو ضرورت مند افراد تک پہنچایا جاسکے اور طبی خدمات کی کارکردگی اور معیار بہتر ہوسکے۔
انہوں نے کہا کہ مقامی حکومتیں ملک بھر میں سروے کر رہی ہیں ،اس میں شنگھائی نے 65 برس اور اس سے زائد عمر کے اپنے شہریوں کے لئے یہ کام مکمل کرلیا ہے۔