• Dublin, United States
  • |
  • Dec, 28th, 24

شِنہوا پاکستان سروس

چین نے جی 20فریم ورک کے تحت ماحول دوست توانائی کی منتقلی میں خاطر خواہ پیش رفت کی ہے:ماہرتازترین

November 15, 2022

بالی، انڈونیشیا(شِنہوا) جی 20سسٹین ایبل فنانس ورکنگ گروپ(ایس ایف ڈبلیو جی) کے شریک چیئرمین ما جون نے کہا ہے کہ چین نے موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے اور گروپ آف 20 ( جی20) فریم ورک کے تحت عالمی سبز توانائی کی منتقلی کو فروغ دینے میں خاطر خواہ پیش رفت کی ہے۔

 

بیجنگ میں قائم انسٹی ٹیوٹ آف فنانس اینڈ سسٹین ایبلٹی کے ڈائریکٹر ما نے شِنہوا کو دئے گئے ایک انٹرویو میں کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے اور توانائی کے موثر استعمال کو بہتر بنانے کے لیے، چین نے گرین فنانس سسٹم کی تعمیر میں ابتدائی پیش رفت کی ہے۔ 

 

2016 میں، جی 20 کی گردشی صدارت کے دوران، چین نے پہلی بار جی 20ایجنڈے میں گرین فنانس متعارف کرائی تھی ۔ 2021 میں، چین اور دیگر ممالک نے مشترکہ طور پر جی 20 سسٹین ایبل فنانس روڈ میپ تیار کیا، جو موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے مالی معاونت کے لیے اہم رہنمائی فراہم کرتا ہے۔ 

 

"ایک ساتھ بحالی ، مضبوط بحالی " کے عنوان سے جی 20گروپ کا 17 واں سربراہی اجلاس منگل سے بدھ تک انڈونیشیا کے سیاحتی مقام بالی میں ہوگا، جس میں توانائی کی پائیدار منتقلی سمیت تین ترجیحی امور پر توجہ دی جائے گی۔

ما نے کہا کہ امکان ہے کہ سربراہی اجلاس میں جی 20 ممالک کے رہنماوں کی طرف سے ٹرانزیشن فنانس فریم ورک کی توثیق کی جائے گی، جسے ایس ایف ڈبلیو جی نے ان کمپنیوں اور سرگرمیوں کی مدد کے لیے تیار کیا تھا جنہیں ابھی تک "گرین" کے طور پر نامزد نہیں کیا گیا ہے لیکن ان کی صاف توانائی کی منتقلی کے لیے فنڈز کی ضرورت ہے۔ 

 

ما نے کہاکہ چین نے عبوری مالیاتی فریم ورک کو فروغ دینے، نظریات کو مربوط کرنے اور اتفاق رائے پیدا کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ 

 

ما نے کہا کہ جغرافیائی سیاسی کشیدگی اور شدید موسمی واقعات کی وجہ سے بہت سے ممالک کو توانائی بحران کا سامنا ہے۔ توانائی کی حالت کو خراب کرنے والے عوامل میں سے ایک یہ ہے کہ توانائی کی بہت سی روایتی فرمیں صاف توانائی میں اپنی منتقلی کی مالی اعانت کے لیے کم لاگت فنڈز حاصل کرنے سے قاصر ہیں، اور یہیں سے ٹرانزیشن فنانس فریم ورک نے کام کا آغاز کرنا ہے۔