بیجنگ(شِنہوا)چین نے لیاؤننگ ، فوجیان اور سیچھوآن سمیت 14 مزید خطوں کو استعمال شدہ کاریں برآمد کرنے کی اجازت دیدی ہے۔
یہ نوٹس وزارت تجارت(ایم او سی) ، وزارت تحفظ عامہ اور جنرل ایڈمنسٹریشن برائے کسٹمز کی جانب سے مشترکہ طور پر جاری کیا گیا ہے۔
نوٹس میں کہا گیا ہے کہ یہ علاقے مقامی کاروباری اداروں کیلئے داخلے کی شرائط مرتب کریں گے انتخاب کے طریقہ کار کو معیاری بنائیں گے اور برآمدی کاروبار کو فروغ دینے کیلئے فروخت ہونیوالی استعمال شدہ کاروں تک رسائی، بیرون ملک مارکیٹنگ چینلز اور بعد از فروخت خدمات کے ساتھ کمپنیوں کی مدد کرینگے۔
اس نے مزید کہا کہ سازگار ماحول بنانے کیلئے گاڑیوں کے لین دین کی رجسٹریشن، لائسنس کی درخواست اور کسٹم کلیئرنس کو آسان بنانے کی خاطر مزید کوششیں کی جانی چاہئیں۔
چین نے باضابطہ طور پر مئی 2019ء میں استعمال شدہ کاروں کی برآمدات کا آغاز کیا تھا ، پہلی کھیپ میں بیجنگ، تیانجن، شنگھائی اور گوانگ ڈونگ سمیت دس خطوں کو اس طرح کی تجارت کرنے کی اجازت دی گئی تھی۔
صنعتی اعدادوشمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ 2022ء کے ابتدائی 10 ماہ کے دوران چین میں 1 کروڑ 33 لاکھ استعمال شدہ کاروں کی تجارت ہوئی ہے۔