شی آن(شِنہوا)ایوی ایشن انڈسٹری کارپوریشن آف چائنا (اے وی آئی سی) نے کہا ہے کہ چین میں مقامی طور پر تیار کردہ آگ بھجانے والے ایم اے 60 فائر فائٹنگ طیاروں کی پہلی کھیپ ہنگامی انتظام کی وزارت کو فراہم کردی گئی۔
آگ بجھانے والے دو ایم اے 60 طیارے چین کے صوبہ شانشی کے شہر شی آن میں فراہم کیے گئے۔ ملک کی معروف طیارہ ساز کمپنی اے وی آئی سی کے مطابق یہ طیارے ملک کے ہنگامی فضائی بچاؤ کے شعبے میں مدد فراہم کریں گے۔
ایم اے 60 فائر فائٹنگ طیارہ ایک بڑا اور درمیانے سائز کا فکسڈ ونگ طیارہ ہے جو فضا سے آگ بھجانے اور دیگر ہنگامی ریسکیو مشنز کے لئے تیار کیا گیا ہے۔
اے وی آئی سی کے مطابق یہ پانی گرانے کی کارروائیوں، آگ کی نگرانی، رابطوں اور کمانڈ، اہلکاروں کی نقل و حمل اور رسد کی فراہمی جیسے متعدد افعال سر انجام دیتا ہے۔
اس طیارے میں پانی لے جانے کی زیادہ سے زیادہ گنجائش چھ ٹن اور زیادہ سے زیادہ کارگو ٹرانسپورٹ کا وزن 3.7 ٹن ہے۔ ڈویلپر کے مطابق اس میں 28 افراد سوار ہو سکتے ہیں۔ایم اے 60 فائر فائٹنگ طیارہ مقامی ایم اے 60 "ماڈرن آرک" کثیر المقاصد طیاروں کی فیملی سے تعلق رکھتا ہے۔اے وی آئی سی کے مطابق اس نے چین کی شہری ہوا بازی انتظامیہ سےضمنی قسم کا سرٹیفکیٹ حاصل کر رکھا ہے۔