لہاسا (شِنہوا) چین کے شی زانگ خود مختار خطے میں گلیشیئر کے تحفظ سے متعلق ایک ضابطہ یکم اکتوبر 2024 سے نافذ العمل ہوگا جو خطے کے حیاتیاتی اور ماحولیاتی تحفظ کے لئے ہونے والی قانون سازی میں ایک اہم کامیابی ہے۔
گزشتہ روز جاری ایک اعلامیہ کے مطابق ضابطہ گلیشیئر کے علاقوں میں حکومتوں اور متعلقہ محکموں کو مخصوص رہنما خطوط فراہم کرتا ہے یہ گلیشیئر کے تحفظ کے لئے اہداف مقرر کرنے کی ذمہ داری کا نظام ، کارکردگی کی جانچ کا میکانزم متعارف کراتا اور خلاف ورزیوں پر تادیبی کارروائیوں میں رہنمائی فراہم کرتا ہے۔
شی زانگ خود مختار خطے کی عوامی کانگریس کی قائمہ کمیٹی کے قانون ساز امور کے کمیشن کے ڈپٹی ڈائریکٹر ژاؤ گوئی ینگ نے کہا کہ یہ ضابطہ گلیشیئر کے وسائل کا مؤثر طریقے سے تحفظ کرے گا، چھنگ ہائی - شی زانگ سطح مرتفع کی ماحولیاتی حفاظت یقینی بنائے گااور سطح مرتفع میں نباتات، حیوانات اور زمین کے تحفظ میں کردار ادا کرے گا۔
شی زانگ چین کے مجموعی گلیشیئرز کا 41 فیصد، آبی وسائل کا 16.5 فیصد، سبزہ زار کا 30 فیصد ہے۔ یہاں ملک کے 18.3 فیصد ویٹ لینڈز اور 40 فیصد جھیلیں ہیں۔
یہ ضابطہ چین کے چنگھائی- شی زانگ سطح مرتفع پر ماحولیاتی تحفظ سے متعلق قانون کے بعد سامنے آیا ہے جو ستمبر 2023 میں نافذ کیا گیا تھا یہ سطح مرتفع پر ماحولیاتی تحفظ کو باضابطہ بنانے والا پہلا ریاستی سطح کا قانون تھا۔