بیجنگ(شِنہوا) چین نے کوویڈ-19 ردعمل کو فعال طور پر بہترکرنے کے ساتھ نئے سال پرکھپت کو فروغ دینے کے لیے ملک بھر میں اشیاء اور اجناس کی سپلائی کو بھی بڑھا دیا ہے۔
نئے سال کی تین روزہ تعطیلات کے دوران ملک بھر میں سیاحت، کیٹرنگ اور ریٹیل سیلز میں زبردست بحالی دیکھنے میں آئی ہے۔2022 کے آخری دن 59ہزار سے زیادہ سیاحوں نے بیجنگ کے شی جنگ شان علاقے میں واقع شوگانگ پارک کا دورہ کیا۔ یہ اعداد و شمار عام دنوں سے 3.6 گنا زیادہ تھے جو شہریوں کی سفر کی شدید خواہش کو ظاہر کرتا ہے۔ موسموں کی تبدیلی کے ساتھ مصنوعی اور قدرتی برف سے متعلقہ معیشت بھی بحال ہوئی ہے۔ گزشتہ سال سرمائی اولمپکس کی میزبانی کرنے والے دارالحکومت بیجنگ میں نئے سال کی تین روزہ تعطیلات کے دوران تمام پانچ میونسپل آئس رِنک اور سنو ریزورٹس کو کھول دیا گیا ہے۔
سمر پیلس، بیہائی پارک اور یوآن منگ یوآن پارک سمیت دیگر پارکس میں برف کی تفریحی سرگرمیاں شروع ہوئیں اور تعطیلات کے دوران 50 ہزار سے زیادہ سیاحوں نے ان مقامات کا رخ کیا ۔
عجائب گھروں میں چھٹیوں کے دوران منعقدہ نمائشوں نے بھی بھرپور توجہ حاصل کی۔
میاؤینگ ٹیمپل مینجمنٹ آفس کے ڈپٹی ڈائریکٹر گو ینگ نے کہا کہ تین دنوں میں تقریباً 2ہزار زائرین مندر میں داخل ہوئے، جو بنیادی طور پرمعمول کے زائرین کا تقریباً 60 فیصد تک تھے۔