• Dublin, United States
  • |
  • Dec, 23rd, 24

شِنہوا پاکستان سروس

چین میں خواتین حملہ کیس کے مرکزی مجرم کو 24 سال قید کی سزاتازترین

September 26, 2022

شی جیا ژوانگ(شِنہوا)چین کے شمالی صوبہ ہیبی میں مقامی عدالت نے باربی کیو ریسٹورنٹ میں خواتین پر حملہ کیس کے مرکزی مجرم کو 24 سال قید کی سزا سنادی ہے۔

ہیبی کے شہر لانگ فانگ کے ضلع گوانگ یانگ کی پیپلز کورٹ کی جانب سے جمعہ کو جاری کردہ ایک بیان کے مطابق چھین جی ژی کو جان بوجھ کر حملہ، جھگڑا، ڈکیتی، غیر قانونی حراست اور جوئے کے اڈے چلانے سمیت مختلف جرائم میں مجرم قرار دیا گیا ہے اس پر 3 لاکھ 20ہزار یوآن(تقریباً 45 ہزار 766.59 امریکی ڈالر) جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ عدالت میں قرار پایا کہ 2012ء کے بعد سے چھین جی ژی نے غنڈوں کے ایک گروہ کی قیادت کرتے ہوئے تانگ شان اور دیگر مقامات پر جرائم کا ارتکاب کیا۔ انہوں نے مقامی معاشی اور سماجی نظام کودرہم برہم کیا اور معاشرے پر منفی اثر ڈالا۔

مزید 27 مدعا علیہان کو 6 ماہ سے 11 سال تک قید کی سزائیں سنائی گئیں۔ ان میں سے متعدد باربی کیوریسٹورنٹ حملہ کیس میں ملوث تھے جبکہ دیگر افراد چھین کے ساتھ گروہ کی مجرمانہ سرگرمیوں میں شامل رہے۔

حملے کا بدنام زمانہ واقعہ 10 جون کو ہیبی کے شہرتانگ شان میں پیش آیا جس کے نتیجے میں 4 خواتین زخمی ہوئی تھیں۔ اس کیس نے عوام میں بڑے پیمانے پر تشویش کو جنم دیا۔