شیامن(شِنہوا) چین کے مشرقی صوبے فوجیان کے شہر شیامن میں بین الاقوامی سمپوزیم برائے برکس تھنک ٹینکس 2022 کا انعقاد کیا گیا جس میں عالمی ترقی اور تعاون کو فروغ دینے کی کوششوں پر روشنی ڈالی گئی۔
گزشتہ روز ہونے والے اس سمپوزیم میں 200 سے زائد ماہرین، سرکاری حکام اور صنعتوں، بین الاقوامی تنظیموں اور کاروباری تنظیموں کے نمائندوں نے آف لائن اور آن لائن شرکت کی۔
اس ایونٹ کے منتظمین کے مطابق، سمپوزیم میں نئے صنعتی انقلاب پر برکس پارٹنرشپ (پارٹ این آئی آر) کو جدت کے مرکز کے طور پر اعلیٰ معیار کی ترقی دینے پر تبادلہ خیال کیاگیا، تاکہ عالمی ترقی کے منصوبوں پرعملدرآمد کی حکمت عملی میں شراکت کی جاسکے۔
9ویں برکس سربراہ اجلاس کی میزبانی کرنے والے شیامن میں 2020 میں برکس پارٹ این آئی آرکے مرکز کا قیام عمل میں لایا گیا تھا۔
برکس ریسرچ پر روس کی نیشنل کمیٹی کی ریسرچ ڈائریکٹر ارینا یاریگینا نے اپنے ریکارڈ شدہ ویڈیو بیان میں کہا کہ برکس پارٹنر انوویشن سنٹر کی سرگرمیوں نے برکس ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم کرتے ہوئے کثیر جہتی تعاون، انجینئرنگ خدمات اور انتظامی تعاون کے شعبوں میں نئے مواقع پیدا کیے ہیں۔
فیڈریشن آف انڈین چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر اتل دلاکوٹی نے کہا کہ ایک دوسرے کی معیشتوں میں تجارت و سرمایہ کاری کی اہمیت اور تکنیکی اختراعات، صنعتی تبدیلی اور نئی ڈیجیٹل معیشت کے لیے ایک ساتھ کام کرنا برکس ممالک کی ترقی کا محرک بن گیا ہے۔