بیجنگ (شِنہوا) چینی مین لینڈ میں حقیقی زیراستعمال براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری (ایف ڈی آئی) سال2022 کے دوران گزشتہ سال کی نسبت6.3 فیصد بڑھ کر12 کھرب 30 ارب یوآن ہو گئی ہے۔
وزارت تجارت نے بدھ کے روز کہا ہے کہ امریکی ڈالر کے لحاظ سے براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کی آمد گزشتہ سال کی نسبت 8 فیصد بڑھ کر 189.13 ارب امریکی ڈالرز تک پہنچ گئی۔
وزارت کے اعداد و شمار کے مطابق مینوفیکچرنگ کی صنعت میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کی آمد میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 46.1 فیصد اضافہ ہوا جس سے یہ سرمایہ کاری سال 2022 میں 323.7 ارب یوآن ہو گئی ہے، جبکہ ہائی ٹیک صنعتوں میں 2021 کے مقابلے میں 28.3 فیصد اضافہ ہوا۔
اس عرصہ کے دوران جنوبی کوریا، جرمنی اور برطانیہ کی سرمایہ کاری میں بالترتیب 64.2 فیصد، 52.9 فیصد اور 40.7 فیصد کا اضافہ ہوا جبکہ یورپی یونین سے اس سرمایہ کاری میں گزشتہ سال کی نسبت 92.2 فیصد کا تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔
ملک کے وسطی خطے میں آنے والی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 21.9 فیصد اضافہ ہوا جبکہ اس کے بعد مغربی خطے میں 14.1 فیصد اضافہ ہوا۔