بیجنگ(شِنہوا) چین میں نئی توانائی سے چلنے والی گاڑیوں (این ای وی) کے بڑے مینوفیکچررز کی مارکیٹ کی تیز رفتار توسیع اور پالیسی مراعات کی بدولت 2022 کے دوران فروخت میں زبردست اضافہ ہوا۔
ملک کے سب سے بڑے این ای وی مینوفیکچرربی وائی ڈی نے کہا کہ اس کی این ای وی کی فروخت گزشتہ سال کے مقابلے میں 208.64 فیصد بڑھ کر 2022 میں18لاکھ 60ہزار یونٹس تک پہنچ گئی۔ دسمبر میں، اس کمپنی نے تقریباً 2لاکھ 35ہزار200 این ای وی فروخت کیں۔
لی آٹو اور این آئی او جیسی اسٹارٹ اپ کارساز کمپنیوں کے لیے بھی 2022 کامیاب سال رہا۔ لی آٹو نے گزشتہ سال نئی توانائی سے چلنے والی 1لاکھ33ہزار246 گاڑیاں فروخت کیں جو2021 کے مقابلے میں 47.2 فیصد زیادہ ہیں۔این آئی او نے اسی مدت کے دوران 1لاکھ22ہزار486 این ای وی یونٹس فروخت کیں جو 34 فیصد کا سالانہ اضافہ ہے۔
جی اے سی گروپ کی این ای وی بنانے والی ذیلی کمپنی جی اے سی آئیون نے 2022 میں تقریباً 2لاکھ 71ہزارگاڑیاں فروخت کیں، جو پچھلے سال سے 126 فیصد زیادہ ہیں۔ کمپنی کے جنرل منیجر گوہوئی نان نے کہا کہ جی اے سی آئیون اس سال کم از کم 5لاکھ یونٹس فراہم کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ چائنہ ایسوسی ایشن آف آٹوموبائل مینوفیکچررز کے مطابق، جنوری سے نومبر 2022 تک، چین کی این ای وی کی فروخت 60لاکھ 60ہزار یونٹس سے تجاوز کر گئی، جو 2021 میں اسی مدت کے مقابلے میں دوگنا ہے۔
ایسوسی ایشن نے توقع ظاہر کی کہ اس سال ملک میں این ای وی کی فروخت90لاکھ تک پہنچ جائے گی، جو گزشتہ سال سے 35 فیصد زیادہ ہوگی۔