کن منگ (شِنہوا) چین کے جنوب مغربی کن منگ کسٹم حکام نے 2 جنوری تک چین-لاؤس ریلوے کے ذریعے 22 لاکھ 30 ہزار ٹن سے زائد کارگو نمٹایا گیا ہے۔ یہ ٹرین سروس 13 ماہ قبل شروع ہوئی تھی۔
سامان کی نقل وحمل کی مالیت تقریباً 14.57 ارب یوآن (تقریباً 2.13 ارب امریکی ڈالرز) رہی۔
صرف دسمبر میں کن منگ کسٹمز نے ریلوے کے ذریعے 2 لاکھ 86 ہزار ٹن درآمدی اور برآمدی سامان نمٹایا جو سروس کے پہلے ماہ سے 6.04 گنا زائد تھا۔ اس سامان کی مالیت 61 کروڑ 60 لاکھ یوآن تھی جو 6.2 گنا زیادہ ہے۔
صوبہ یون نان میں شی شوآنگ بانا دائی خوداختیار پریفیکچر میں ایک بین الاقوامی لاجسٹک کمپنی کے سربراہ ژانگ شیان ژو نے کہا کہ چین-لاؤس ریلوے کے آغاز کے بعد سے ہماری کمپنی کی جانب سے نمٹائے گئے درآمدی و برآمدی سامان کی اقسام میں بہت زیادہ اضافہ ہوا ہے۔ ہمارا کاروباری حجم گزشتہ برس کی نسبت 40 فیصد بڑھا ہے اور ہماری مارکیٹ کی مسابقت میں نمایاں بہتری آئی ہے۔
چین-لاؤس ریلوے نے دسمبر 2021 میں کام شروع کیا تھا۔ ایک ہزار کلومیٹر طویل یہ ٹریک چین کے صوبہ یون نان کے دارالحکومت کن منگ کو لاؤس میں وینتیان سے جوڑتا ہے۔