بیجنگ (شِنہوا) چین کے صدر شی جن پھنگ، کرغز صدر صدیر جباروف اور ازبک صدر شوکت میرزی یوف نے ویڈیو لنک کے ذریعے چین-کرغزستان-ازبکستان ریلوے منصوبے پر مبارکباد دی ہے، اس بین الحکومتی معاہدے پر دستخط بیجنگ میں ہوئے۔
چینی صدر شی نے کہا کہ ریلوے چین ۔ وسط ایشیا رابطے کا ایک اسٹریٹجک اور بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کے تحت تینوں ممالک کی تعاون سے تعمیر ہونے والا ایک تاریخی منصوبہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ بین الحکومتی معاہدے پر دستخط منصوبے کی تعمیر کو ایک ٹھوس قانونی بنیاد فراہم کریں گے، یہ ریل منصوبے کو ایک تصور سے حقیقت میں تبدیل کرنے، دنیا میں تعاون کے فروغ اور ملکر ترقی کے حصول میں تینوں ممالک کے پختہ عزم کی عکاسی کرے گا۔
کرغز صدر جاپاروف نے کہا کہ بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کے تحت ریلوے تینوں ممالک کا ایک فلیگ شپ منصوبہ ہے جو مکمل ہونے کے بعد ایشیا کو یورپ اور خلیج فارس کے ممالک سے جوڑنے والا نقل وحمل کا ایک نیا راستہ بن جائے گا۔ اس راستے میں آنے والے مملک کے علاوہ خطے کے تمام ممالک کے درمیان رابطوں کو فروغ ملے گا اور یہ اقتصادی و تجارتی تبادلے مضبوط بنانے میں بہت اہمیت کا حامل ہوگا۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ ریلوے منصوبہ جلد مکمل ہوکر فعال ہوگا تاکہ خطے کی مشترکہ ترقی اور تمام ممالک میں لوگوں کی فلاح و بہبود کو نئی رفتار مل سکے۔
ازبک صدر میرزی یوف نے کہا کہ دستخط کی تقریب تاریخی اہمیت کی حامل اور علاقائی رابطوں کی تعمیر میں ایک اہم قدم ہے۔
انہوں نے کہا کہ ریلوے منصوبہ چین ۔ وسط ایشیا ممالک کے درمیان سب سے چھوٹا زمینی رابطے کا باعث بنے گا اور یہ جنوبی ایشیا اور مشرق وسطی کے ممالک کی بڑی منڈیوں تک بھی رسائی ممکن بنائے گا۔