اقوام متحدہ (شِنہوا)اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ چین کی ثالثی میں سعودی عرب اور ایران کے درمیان سفارتی تعلقات کی بحالی کا معاہدہ یمن میں تنازع کے حل کے لیے ایک موقع فراہم کرتا ہے۔
اس سوال پر کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس سعودی ایران معاہدے سے یمن میں پیش رفت کے حوالے سے کتنے پرامید ہیں، یو این ترجمان سٹیفن ڈوجارک نے کہا کہ یہ معاہدہ واضح طور پر ایک موقع ہے۔
ترجمان نے کہا کہ سفارتی لحاظ سے یہ ایک بڑا معاہدہ ہے۔ یمن کے لیے اقوام متحدہ کے ایلچی نے ایران کا ایک اچھا اور مثبت دورہ کیا ہے۔ ہم امید کرتے ہیں کہ اس سے ایک ایسا ماحول پیدا ہوگا جو یمن میں امن کی جانب سیاسی حل کو فروغ دینے کے لیے سازگار ہوگا۔
ترجمان نے کہا کہ اگرچہ یمن میں جنگ بندی میں باضابطہ طور پر توسیع نہیں کی گئی ، لیکن جنگ بندی کے مثبت اثرات جاری ہیں۔ بڑی جھڑپیں نہیں ہورہیں۔ ہم انسانی امداد کی فراہمی کے لیے زیادہ رسائی دیکھ رہے ہیں۔ سویلین پروازوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ یہ سب اچھی چیزیں ہیں، لیکن ان کو تیزی سے بہتر اور مستحکم کرنے کی ضرورت ہے۔