بیجنگ(شِنہوا) چین نے پاکستان میں دہشت گردی کے حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے متاثرین سے گہرے افسوس کا اظہار کیاہے۔
وزارت خارجہ کے ترجمان لِن جیان نے منگل کو روزانہ کی پریس بریفنگ میں اس سے متعلقہ سوال کے جواب میں کہاکہ چین ہر قسم کی دہشت گردی کی سختی سے مخالفت کرتا ہے اور انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں کو مضبوط بنانے، سماجی اتحاد اور استحکام کو برقرار رکھنے اور لوگوں کے تحفظ کے لیے پاکستان کی بھرپور حمایت جاری رکھے گا۔
اطلاعات کے مطابق پیر کو جنوب مغربی صوبے بلوچستان میں کئی ایک حملے ہوئے۔ دہشت گردوں نے صوبے کے کئی مقامات پر سیکیورٹی فورسز اور پولیس پر حملے کیے،گاڑیوں کو روک کر بے گناہ لوگوں کو قتل کیا اور سڑکوں، ریلوے لائنوں اور دیگر انفراسٹرکچر کو تباہ کیا۔
ترجمان نے کہا کہ چین پاکستان کے ساتھ انسداد دہشت گردی اور سیکورٹی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے تیار ہے تاکہ علاقائی امن و سلامتی کو مشترکہ طور پر محفوظ کیا جا سکے۔