بیجنگ (شِنہوا) چین کی لسٹڈ کمپنیوں نے رواں سال کی پہلی تین سہ ماہی کے دوران 47 کھرب 50ارب یوآن (تقریباً 659 ارب امریکی ڈالر) کا خالص منافع کمایا۔ سرکاری کمپنیوں بارے چائنہ ایسوسی ایشن کے اعداد و شمار کے مطابق یہ منافع گزشتہ سال کی نسبت 2.46 فیصد زیادہ ہے۔
ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ ان کی مجموعی کاروباری آمدنی ایک سال پہلے کے مقابلے میں 8.51 فیصد بڑھ کر 523کھرب 70ارب یوآن ہوگئی ہے۔ ان اعداد وشمارکے لئے شنگھائی، شینزین اور بیجنگ اسٹاک ایکسچینج میں اندراج شدہ 4 ہزار945 کمپنیوں کے تیسری سہ ماہی کے مالیاتی کھاتوں کا حوالہ دیا گیا ہے۔
اعداد و شمار سے معلوم ہوتا ہے کہ غیر مالیاتی فہرست میں شامل کمپنیوں نے اس عرصہ کے دوران مالیاتی فرموں کے مقابلے میں آمدنی میں زیادہ اضافہ کیا ہے۔ بیجنگ اسٹاک ایکسچینج کی کمپنیاں آمدنی میں اضافے کے لحاظ سے سرفہرست ہیں جبکہ شنگھائی اسٹاک ایکسچینج کے سائنس ٹیک انوویشن بورڈ نے خالص منافع میں سب سے زیادہ اضافہ ریکارڈ کیا ہے۔
ایسوسی ایشن کے مطابق صرف تیسری سہ ماہی کے دوران 4 ہزار 945 کمپنیوں کی آمدنی اور خالص منافع میں بالترتیب 7.09 فیصد اور 0.69 فیصد اضافہ ہوا۔
اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ ہول سیل اور ریٹیل، فوٹو وولٹک پاور، پاور بیٹری اور نئی انرجی گاڑیوں سمیت صنعتوں میں کام کرنے والی کمپنیوں کے خالص منافع میں تیسری سہ ماہی کے دوران شاندار کارکردگی ریکارڈ کی گئی ہے۔
چین کی مالیاتی منڈی نے پہلے نو ماہ کے دوران 300 لسٹڈ فرموں کو شامل کیا ہے جن میں سے 246 کارجسٹریشن پر مبنی ابتدائی عوامی پیشکش کے نظام کے ذریعے اندراج کیا گیا اور ان کمپنیوں نے 360 ارب یوآن سے زیادہ اکٹھے کیے ہیں۔