اقوام متحدہ (شِنہوا) اقوام متحدہ میں چین کے نائب مستقل مندوب دائی بنگ نے کہا ہے کہ جنوبی سوڈان میں مثبت انتخابی معاونت فراہم کرنے کے لئے چین اقوام متحدہ مشن کی کوششوں کی حمایت کرتا ہے۔
دائی نے اقوم متحدہ مشن کے مینڈیٹ میں توسیع سے متعلق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد کے مسودے پر رائے شماری کی وضاحت کرتے ہوئے کہاکہ جنوبی سوڈان میں مثبت انتخابی معاونت فراہم کرنے کے لئے حقیقی صورتحال اور ملک کی مخصوص ضروریات کو دیکھتے ہوئے چین اقوام متحدہ مشن کی کوششوں کی حمایت کرتا ہے۔
دائی نے کہا کہ ان کوششوں کے دوران مشن کو جنوبی سوڈان کی خودمختاری اور ملکیت کا مکمل احترام کر نا چاہیئے اور بیرونی حل اور غیر حقیقی اصول نافذ کرنے سے بچنے کے لئے جنوبی سوڈان کے ساتھ مکمل مشاورت کرنی چاہیئے۔
انہوں نے کہا کہ چین اقوام متحدہ مشن میں فوج بھیجنے والا ایک بڑا ملک ہے اور اس نے ہمیشہ مشن کے کام میں فعال طریقے سے شرکت کی ہے۔ وہ جنوبی سوڈان میں دیرپا امن اور استحکام کے حصول میں زیادہ سے زیادہ تعاون کرنے کے لئے پرعزم ہے۔
دائی نے مزید کہا کہ چین اقوام متحدہ کے مینڈیٹ کو پورا کرنے میں اس کی حمایت کرتا ہے تاہم جس قرارداد کے مسودے پر ابھی رائے شماری ہوئی ہے اس سے جنوبی سوڈان کی حکومت پر کئی طریقوں سے غیر ضروری دباؤ آئے گا اور اقوام متحدہ مشن مینڈیٹ کے لئےانتظامات حقیقت سے مطابقت نہیں رکھتے ہیں جس کے سبب چین نے رائے شماری میں حصہ نہیں لیا۔
سفیر نے قرارداد کے مسودے کو جنوبی سوڈان کے داخلی امور بالخصوص آئندہ عام انتخابات سے متعلق اس کے نقطہ نظر پر تنقید کا نشانہ بنایا۔
انہوں نے وضاحت کی کہ قرارداد کے مسودے میں جنوبی سوڈان حکومت پرعام انتخابات جیسے امور پر سخت الزامات عائد کئے گئے ہیں اور یہاں تک کہ جنوبی سوڈان کے داخلی امور کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے جو واضح طور پر معقول حدود سے تجاوز ہے۔