بیجنگ (شِنہوا) چین نے امریکہ کی جانب سے لائی چنگ تی کے نام نہاد ٹرانزٹ کا بندوبست کرنے کے فیصلے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ چین "تائیوان کی آزادی" کے علیحدگی پسندوں کی جانب سے کسی بھی نام پر یا کسی بھی بہانے امریکہ کے دورے کی سختی سے مخالفت کرتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق چین کے تائیوان خطے کے نائب رہنما لائی چنگ تی پیراگوئے کے نئے صدر کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کے لیے 12 اگست کو پیراگوئے کے لیے روانہ ہوئے تھے اور مختصر قیام کے لئے نیو یارک پہنچے۔
متعلقہ رپورٹس پر تبصرہ کرنے کے لئے پوچھے جانے پر چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ چین، امریکہ اور تائیوان خطے کے درمیان کسی بھی قسم کی سرکاری بات چیت کی سختی سے مخالفت کرتا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ ہم امریکی حکومت کے تائیوان خطے کے ساتھ کسی بھی قسم کے سرکاری رابطے کی سختی سے مخالفت کرتے ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ لائی چنگ تی "تائیوان کی آزادی" کے لئے علیحدگی پسند موقف پر ڈٹے ہوئے ہیں۔ وہ ہر وقت پریشانی پیدا کرنے والے شخص ہیں۔
امریکہ اور تائیوان کے حکام نے لائی کے ٹرانزٹ کے نام پر امریکہ میں سیاسی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کا بندوبست کیاہے۔ یہ ایک چین کے اصول کی سنگین خلاف ورزی ہے جو چین کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کو شدید نقصان پہنچاتا ہے۔
حقیقت ایک بار پھر ظاہر کرتی ہے کہ آبنائے تائیوان میں جاری کشیدگی کی بنیادی وجہ تائیوان کے حکام کی "تائیوان کی آزادی" کے لئے امریکی حمایت حاصل کرنے کی کوشش ہے اور یہ کہ امریکہ، چین کو روکنے کے لئے تائیوان کو استعمال کرنے پر تلا ہوا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ تائیوان کا سوال چین کے بنیادی مفادات کا بنیادی حصہ ہے، چین اور امریکہ کی سیاسی بنیاد کا منبع ہےاور پہلی سرخ لکیر ہےجسے چین-امریکہ تعلقات میں عبور نہیں کیا جانا چاہئے۔