قاہرہ(شِنہوا) مصری تاجروں کی تنظیم (ای بی اے) کے سربراہ نے کہا ہے کہ چائنہ انٹرنیشنل امپورٹ ایکسپو (سی آئی آئی ای) مصرکے برآمد کنندگان کے لیے چینی مارکیٹ میں داخل ہونے کا ایک منفرد اور زبردست موقع فراہم کرتی ہے۔
قاہرہ میں شِنہوا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں سی آئی آئی ای
کو دنیا کی پہلی قومی سطح کی درآمدی تھیم پر مبنی ایکسپوقرار دیتے ہوئے ای بی اے کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر محمد یوسف نے کہا کہ یہ ایکسپو چین کے اس پختہ یقین کو اجاگر کرتی ہے کہ دیگر ممالک اور شراکت داروں کوبرآمد کی ترغیب دینا اتنا ہی اہم ہے جتناان ممالک کے لیےچینی برآمدات کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ای بی اے نے اپنے ملک کے کاروباری اداروں میں سی آئی آئی ای کو فعال طور پر فروغ دیا ہے اور 2018 میں شنگھائی میں پہلی سی آئی آئی ای کے بعد سے ہر سال مزید مصری کمپنیوں کی شرکت کے لیے حوصلہ افزائی کی جارہی ہے۔ سی آئی آئی ای بیورو کے مطابق ایکسپو میں ہر سال دنیا بھر سے سیکڑوں شرکت کرنے والی کمپنیوں اور ہزاروں پیشہ ور افراد کا خیرمقدم کیا جاتا ہے۔ یوسف نے بتایا کہ ای بی اے نے 2007 میں ایک خصوصی کمیٹی قائم کی، جس کا بنیادی مقصد تاجر برادری کو چینی مارکیٹ کے ساتھ تعاون میں دستیاب مواقع اور صلاحیتوں کے بارے میں مزید جاننے کی ترغیب دینا ہے۔