بیجنگ (شِنہوا) چین کی وزارت زراعت کے زیر انتظام قومی زرعی تحقیقاتی ادارے چینی اکیڈمی آف ایگریکلچرل سائنسز (سی اے اے ایس)نے اقوام متحدہ کے ادارہ برائے خوراک وزراعت (ایف اے او)کے ساتھ انوویشن پلیٹ فارم کے معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔
سی اے اے ایس کے مطابق، معاہدے کا مقصد زرعی تحقیق، سائنس اور ٹیکنالوجی کی اختراعات کے ساتھ ساتھ زراعت اور خوراک کے نظام کی تبدیلی اور ترقی کو فروغ دینا ہے۔
سی اے اے ایس کے صدر وو کونگ منگ نے کہا کہ ان کا ادارہ عالمی نقطہ نظر کے ساتھ سائنسی اور تکنیکی جدت کی منصوبہ بندی اور فروغ کے اصول پر عمل پیرا ہے، اور سائنسی اور تکنیکی وسائل کے دو طرفہ تبادلے کے ذریعے قومی غذائی تحفظ کو فروغ دے رہا ہے۔
وو نے خوراک اور زراعت کی عالمی ترقی کے لیے مزید چینی حکمت اور حل پیش کرنے پر زور دیا ۔
چین میں ایف اے او کے نمائندے کارلوس واٹسن نے بین الاقوامی زرعی تعاون کے حوالے سے سی اے اے ایس کے ساتھ ایف اے او کی شراکت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایف اے او - سی اے اے ایس انوویشن پلیٹ فارم معاہدے سے یہ شراکت مزید مضبوط ہو گی۔