اقوام متحدہ(شِنہوا) چین نے صومالیہ کے سیاسی استحکام، سیکورٹی ذمہ داریوں کی منتقلی اور اقتصادی وسماجی تعمیر نو کی کوششوں کے لیے بین الاقوامی حمایت جاری رکھنے کا مطالبہ کیاہے۔ اقوام متحدہ میں چین کے مستقل نمائندے ژانگ جون نے صومالیہ کے بارے میں سلامتی کونسل کے اجلاس میں کہا کہ صومالیہ کے لیے اقوام متحدہ اور بین الاقوامی برادری کی توجہ اور حمایت کوکمزور نہیں پڑنا چاہئے،کیونکہ 2024 ملک کے سیاسی عمل، سیکورٹی ذمہ داریوں کی منتقلی اور قومی تعمیر نو کے لیے اہم ہے۔ ژانگ نے کہا کہ چین صومالیہ کے تمام فریقوں کی بات چیت اور مشاورت کے ذریعے اختلافات حل کرنے اور سیاسی منتقلی کو آگے بڑھانے کی کوششوں کی حمایت کرتا ہے۔ چینی نمائندے نے کہا کہ واضح رہے کہ سیاسی نظام اورترقی کے راستے کا انتخاب صومالیہ کا اندرونی معاملہ ہے۔ بین الاقوامی برادری کو صومالیہ کی قیادت اور ملکیت کے اصول پر عمل کرتے ہوئے بیرونی طور پرمسلط کردہ گورننس ماڈل کے نفاذ سے گریز کرنا چاہیے۔