بیجنگ(شِنہوا)چین نے کہاہے کہ وہ نورڈ اسٹریم پائپ لائن کے معاملے پر روس کی طرف سے تجویز کردہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل (یو این ایس سی) کی مسودہ قرارداد کی حمایت کرتا ہے۔
ان خیالات کا اظہاروزارت خارجہ کے ترجمان وانگ وین بن نےباقاعدہ پریس بریفنگ میں فروری میں یو این ایس سی میں روس کی جانب سے گیس پائپ لائن واقعے پر ایک بین الاقوامی آزاد تحقیقاتی کمیشن بنانے کے لیے پیش کی گئی قرارداد کے مسودے پر میڈیا کے سوال کے جواب میں کیا۔ اگرچہ روس نے اس مسودے پر خاموشی اختیارکررکھی ہے لیکن امریکہ اور سلامتی کونسل کے بعض دیگر مغربی ارکان نے خاموشی توڑتے ہوئے ایسے کمیشن پر اعتراض کیاہے۔
نورڈ سٹریم پائپ لائن دھماکے کے سنگین اثرات کا ذکرکرتے ہوئے، وانگ نے کہا کہ بین الاقوامی برادری کے زیادہ تر ارکان نے سچائی کو سامنے لانے کا مطالبہ کیا ہے۔
وانگ نے کہا کہ روس کی طرف سے مجوزہ قرارداد کے مسودے کا مقصد اقوام متحدہ کی طرف سے بین الاقوامی تحقیقات کو آگے بڑھانا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ چین اس خیال سے اتفاق اور مسودے کی حمایت کرتا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ سب سے زیادہ مستند اور نمائندہ بین الاقوامی ادارے کے طور پر، اقوام متحدہ کی بین الاقوامی تحقیقات کی سربراہی انفرادی ممالک کی موجودہ تحقیقات کے ساتھ ہم آہنگی پیدا کرنے اور سچائی کو تیزی سے سامنے لانے میں مدد کرے گی۔