بیجنگ(شِنہوا) چین نے ہنگامی انسانی امداد کا میکنزم تشکیل دیتے ہوئے زلزلہ سے متاثرہ ترکی اور شام کو ہنگامی امداد فراہم کرنے کااعلان کیا ہے۔ چین کی بین الاقوامی ترقیاتی تعاون ایجنسی کے نائب سربراہ ڈینگ بوچھنگ نے منگل کو بتایاکہ ترکی کو4کروڑ یوآن (تقریبا 58لاکھ 90ہزار ڈالر)مالیت کی ہنگامی امداد کی پہلی کھیپ فراہم کی جائے گی، اور یہ کہ چند گھنٹوں میں ایک ریسکیو ٹیم روانہ ہوگی اور ایک طبی ٹیم کو کم سے کم وقت میں بھیج دیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ شام کوامدادی سامان کی فراہمی کے لیے کوششوں کو مربوط کرتے ہوئے جاری غذائی امدادی پروگرام پر عمل درآمد کو تیز کیاجارہاہے۔ ترکی اوراس کے پڑوسی ملک شام میں پیر کی صبح آنے والے شدید زلزے کے نتیجے میں 4 ہزار سے زائد افراد ہلاک اور ہزاروں افراد زخمی ہو گئے ہیں۔ ڈینگ نے کہا کہ چینی حکومت اپنی صلاحیت کے مطابق اور بدلتی ہوئی صورتحال اور حقیقی ضروریات کی روشنی میں دونوں ممالک کو امداد فراہم کرتی رہے گی۔