اقوام متحدہ(شِنہوا) چین نے وسیع پیمانے پر تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں سے متعلق اقوام متحدہ کی کمیٹی سے ترقی پذیر ممالک کی ضروریات پر توجہ دینے کا مطالبہ کیا ہے۔
اقوام متحدہ میں چین کے نائب مستقل نمائندے گینگ شوانگ نے یہ اپیل سلامتی کونسل کی جانب سے 1540 کمیٹی کے مینڈیٹ کی 10 سال کے لیے تجدید کی قرارداد کی متفقہ منظوری کے بعد کی۔ 1540 کمیٹی 2004 میں سلامتی کونسل کی قرارداد 1540 پر عملدرآمد کی نگرانی کے لیے قائم کی گئی تھی، جس کا مقصد غیر ریاستی عناصر کو جوہری، کیمیائی یا حیاتیاتی ہتھیاروں تک رسائی اور ان کی ترسیل کے ذرائع سے روکنا اور اس سلسلے میں بین الاقوامی تعاون کو بڑھانا ہے۔ گینگ نے کہا کہ کمیٹی کو اپنی ذمہ داریوں کو مکمل طور پر نبھانا چاہیے، تکنیکی مدد اور بین الاقوامی تعاون کے لیے اپنی کوششوں میں اضافہ اور ترقی پذیر ممالک کو ان کی عدم پھیلاؤ کی صلاحیت مضبوط بنانے میں مؤثر مدد کرنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ جوہری، کیمیائی یا حیاتیاتی ہتھیاروں کے پھیلاؤ کے خطرات کو مؤثر طریقے سے حل کرتے ہوئے، کمیٹی کو ترقی پذیر ممالک کے سائنس وٹیکنالوجی کے پرامن استعمال کے حق پر بلا تفریق توجہ اور متعلقہ بین الاقوامی تعاون میں ان کی شمولیت کو یقینی بنانا چاہیے، تاکہ سلامتی اور ترقی کے درمیان بہتر توازن قائم کیا جا سکے۔