موغادیشو(شِنہوا) صومالیہ میں چینی سفارت خانے نے سیلاب سے متاثرہ صومالی شہریوں کی مدد کے لیے تقریباً 1لاکھ 40 ہزارڈالر کا عطیہ دیا ہے ، سیلاب سے ملک بھر میں 17لاکھ سے زیادہ افراد بے گھر ہوگئے ہیں۔
صومالیہ میں چین کے سفیرفیی شینگ چھاو نے کہا کہ یہ رقم ملک میں شدید بارشوں کے نتیجے میں آنے والے سیلاب سے متاثرہ افراد کو امداد فراہم کرنے کے لیے استعمال کی جائے گی۔
سفیر نے کہا کہ ہم نے صومالیہ کے شہریوں کو متعدد بار شدید سیلاب سے دوچار ہوتے دیکھا ہے۔ اکتوبر کے اوائل میں ملک میں شدید سیلاب آنے کے بعد چین صومالیہ کی براہ راست مدد کرنے والا پہلا ملک ہے۔
موغادیشو میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے فیی نے کہا کہ چین نے صومالیہ کو ہنگامی امداد کے طور پر 10 لاکھ یوآن نقد رقم فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ مزید برآں، صومالیہ کی آفات سے نمٹنے کی کوششوں میں مدد کے لیے 1ہزار ٹن سے زیادہ ہنگامی خوراک کی امداد جلد پہنچ جائے گی۔یہ اقدامات بنی نوع انسان کے ہم نصیب مستقبل کے ساتھ کمیونٹی کے وژن کو عملی جامہ پہنانے کی جانب ٹھوس اقدامات کی نمائندگی کرتے ہیں۔