اقوام متحدہ(شِنہوا)چین نے سوڈان میں متحارب فریقوں پر اشتعال انگیزکارروائیاں بند کرنے پر زور دیا ہے۔
اقوام متحدہ میں چین کے نائب مستقل نمائندے دائی بنگ نے کہا کہ سوڈان میں مسلح تصادم تین ماہ سے جاری ہے اور دونوں فریقوں کے درمیان متعدد عارضی جنگ بندی کے باوجود لڑائی جاری ہے۔
دائی نے کہا کہ چین امید کرتا ہے کہ سوڈان کے تمام فریق امن اور اس کے عوام کی بھلائی کو ترجیح دیں گے، بات چیت کی کوشش کریں گے اور ایک بڑے انسانی بحران سے بچنے کے لیے اشتعال انگیزی بند کریں گے۔
انہوں نے سلامتی کونسل کو بتایا کہ چین امن مذاکرات کو فروغ دینے کے لیے علاقائی تنظیموں اور ممالک کی کوششوں کی حمایت کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ چین امید کرتا ہے کہ اقوام متحدہ اور بین الاقوامی شراکت دار علاقائی تنظیموں کی کوششوں کی حمایت اور ان کے ساتھ تعاون کریں گے۔ دائی نے کہا کہ ہم علاقائی تنظیموں کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں کہ وہ سوڈان کے تمام فریقوں کے ساتھ ہم آہنگی کو مضبوط کریں اور ہرصورت کشیدگی کو جلد از جلد کم کرنے اور اس سے بچنے کے لیے ہم آہنگی پیدا کریں۔