• Dublin, United States
  • |
  • Jan, 16th, 25

شِنہوا پاکستان سروس

چین کا شام کے لیے 1 کروڑ ڈالر مالیت کے مواصلاتی آلات کا عطیہتازترین

January 30, 2024

دمشق (شِنہوا)چین نے شام کو تقریبا ایک کروڑڈالر مالیت کے مواصلاتی آلات کا عطیہ کیا ہے جس کا مقصد ملک کے جنگ سے تباہ شدہ ٹیلی کام سٹیشنوں کی بحالی و استحکام میں مدد کرنا ہے۔

  اس سلسلے میں شام کے دارالحکومت میں وزیر مواصلات اور ٹیکنالوجی ایاد محمد الخطیب اور شام میں چین کے سفیر شی ہونگ وی کی موجودگی میں ایک تقریب منعقد ہوئی۔

چینی سفارتخانے نے ایک بیان میں کہا کہ یہ کھیپ شام کے چار صوبوں دمشق، حلب، حما اور دیر الزور میں 26 بڑے بیس سٹیشنوں کو لیس کرے گی تاکہ 1لاکھ سے زائد خاندانوں کو آواز اور انٹرنیٹ خدمات فراہم کی جاسکیں۔ 

  اس منصوبے کی تنصیب اور دیکھ بھال سے علاقوں میں تقریبا 1ہزارنئی ملازمتیں پیدا ہونے کی توقع ہے، جس سے مقامی معیشت اور لوگوں کے روزگار میں بہتری آئے گی۔ 

  الخطیب نے کہا کہ یہ عطیہ دہشت گردی سے دوچار علاقوں میں بنیادی خدمات اور مواصلات کی بحالی، زیادہ مضبوط مقامی معیشت کی تعمیر اور بے گھر ہونے والے لوگوں کی ان کے گھروں کو واپسی میں بالواسطہ طور پر سہولت فراہم کرنے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔

  چینی سفیر شی نے اس موقع پر شامی عوام کی ضروریات کے مطابق مزید امداد فراہم کرنے کے لیے چین کے عزم کا اظہار کیا اور چین اور شام کے درمیان تاریخی تعلقات پر زور دیا۔ 

 یہ عطیہ چینی حکومت کی طرف سے شام کو فراہم کی جانے والی انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد کا حصہ ہے جو تقریبا 13 سال سے جاری خانہ جنگی سے شدید متاثر ہے۔