اقوام متحدہ(شِنہوا)چین نےاقوام متحدہ میں مطالبہ کیا ہےکہ تقریباً 10 ماہ قبل ہونےوالے نورڈ سٹریم گیس پائپ لائن دھماکےکے بارے میں ملکی سطح پرتحقیقات کے نتائج کو جلد جاری کیا جائے۔
اقوام متحدہ میں چین کے نائب مستقل نمائندے گینگ شوانگ کے مطابق اس معاملےمیں شامل ممالک نارڈ سٹریم پائپ لائن دھماکوں پر کچھ عرصے سے غور کر رہے ہیں لیکن کوئی حتمی بیان جاری نہیں کیا گیا ہے۔
انہوں نے نورڈ کے بارے میں سلامتی کونسل کی بریفنگ میں بتایا کہ جتنی تاخیر ہوگی، شواہد اکٹھا کرنا اور سچائی تلاش کرنا اتنا ہی مشکل ہوگا اور اتنے ہی زیادہ شکوک و شبہات اور قیاس آرائیاں جنم لیں گی جبکہ تحقیقات کے نتائج بھی اتنے ہی کم قابل اعتبار ہوں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ چین کا خیال ہے کہ بین الاقوامی برادری کے خدشات کا جواب دینے کا بہترین طریقہ تحقیقات کے نتائج کا جلد از جلد اعلان کرنا ہے۔
گینگ نے کہا کہ نورڈ سٹریم پائپ لائن دھماکے یوکرین کے بحران کے پس منظر میں ہوئے جبکہ متعلقہ فریقوں نے اس واقعے کے تناظر میں بہت مختلف تجزیے اور تشریحات کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم تمام جماعتوں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ تحقیقات پر سیاست نہ کریں اور اسے سیاسی جوڑ توڑ کے موقع کے طور پر استعمال نہ کریں۔
گینگ نے زور دے کر کہا کہ روس اس واقعے میں ملوث اہم فریقوں میں سے ایک ہے اسلئےکسی بھی بامقصد اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کے لیے روس کے ساتھ رابطے اور تعاون ضروری ہے۔
ایلچی نے چین کی جانب سے دھماکے سے متعلق حقائق کی جلد وضاحت اور قصورواروں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے مطالبے کا اعادہ کیا۔ گینگ نے کہا کہ چین اقوام متحدہ کے سیکرٹریٹ کو مزید مفید معلومات فراہم کرنے اور سلامتی کونسل کو اس معاملے پر آگاہ رکھنے کا حامی ہے۔