بیجنگ (شِنہوا) چین نے جنگلی حیات اور ان کی رہائش گاہوں کے بہتر تحفظ کے لئے قومی پارکس تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے لئے 49 علاقے منتخب کئے گئے ہیں۔ یہ ملک کے قومی پارکس نظام کے منصوبے کا حصہ ہے۔
ان 49 مقامات کا مجموعی رقبہ 11 لاکھ مربع کلومیٹرز ہے ،اس میں 5 پارکس شامل ہیں جو پہلے ہی مکمل ہوچکے ہیں۔
قومی جنگلات اور سبزہ گاہ انتظامیہ، خزانہ، قدرتی وسائل ماحولیات وحیاتیات کی وزارتوں کے جاری کردہ مشترکہ منصوبے کے مطابق ان جگہوں کا انتخاب ان کی ماحولیاتی اہمیت، منفرد قدرتی مناظر اور بھرپور حیاتیاتی تنوع کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔
منصوبے کے مطابق ان منتخب علاقوں میں 44 زمینی 3 سمندری اور 2 زمینی ۔سمندری علاقے شامل ہیں۔
منصوبے کے مطابق اگر تمام 49 مقامات پر پارک تعمیر کئے جاتے ہیں تو چین میں محفوظ علاقوں کے اعتبار سے دنیا کا سب سے بڑا قومی پارکس نظام ہوگا۔
منصوبے میں کہا گیا ہے کہ چھنگ ہائی تبت سطح مرتفع میں 13 مقامات ہیں جن کا رقبہ تقریباً 7 لاکھ 70 ہزار مربع کلومیٹرز ہے ۔
یہ قومی پارک کے منتخب رقبے کا 70 فیصد ہے۔ زرد کے طاس میں 9 جبکہ دریائے یانگسی کے طاس میں 11 مقامات منتخب کئے گئے ہیں۔
ان پارکس میں جنگلات اور گھاس کے میدانوں سے لیکر ویٹ لینڈز اور ریگستانوں تک پھیلے مختلف ماحولیاتی نظام شامل ہوں گے ، جس میں 700 سے زائد موجودہ قدرتی ذخائر کے ساتھ ساتھ 10 عالمی قدرتی ورثہ مقامات شامل ہیں۔
منصوبے کے تحت 5 ہزار سے زائد ریڑھ کی ہڈی والے جنگلی حیات اور 29 ہزار سے زائد اقسام کے پودے ان پارکس میں ہوں گے۔ ان میں 80 فیصد سے زائد وہ جانور اور نباتات شامل ہیں جنہیں چین میں انتہائی تحفظ حاصل ہے۔
منصوبے میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ پارک متعدد ماحولیاتی راہداریوں کو بھی تحفظ دیں گے جن میں وہ اہم علاقے بھی شامل ہیں جہاں جنگلی پرندے ، وہیل ، ڈولفن اور دیگر جانور نقل مکانی کرتے ہیں۔