بیجنگ (شِنہوا) چین نے جوابی اقدام اٹھاتے ہوئے تبت سے متعلق افواہیں پھیلانے والے یا طویل عرصے سے تبت سے متعلقہ معاملات میں مداخلت کرنے والے امریکی افراد پر ویزا پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق امریکہ نے تبت میں "زبردستی انضمام" میں حصہ لینے پرکچھ چینی حکام پر ویزا پابندیاں عائد کی ہیں اس کے جواب میں وزارت خارجہ کے ترجمان وانگ وین بن نے روزانہ کی نیوز بریفنگ میں بتایا کہ امریکہ نے حقائق کو نظر انداز کرتے ہوئے تبت کے حوالے سے من گھڑت جھوٹ کی بنیاد پر چینی حکام پر غیر قانونی پابندیاں عائد کیں، یہ اقدام چین کے اندرونی معاملات میں شدید مداخلت اور اس کے مفادات کے لیے نقصان دہ ہے اوربین الاقوامی تعلقات کے بنیادی اصولوں کی خلاف ورزی ہے۔ وانگ نے کہا کہ ہم ایک بار پھر امریکہ سے حقائق کا احترام کرنے، اپنا رویہ بدلنے، تبت کے بارے میں غلط معلومات پھیلانا بند کرنے اور تبت کے مسائل کو چین کے اندرونی معاملات میں مداخلت کے لیے استعمال کرنے سے روکنے کا مطالبہ کرتے ہیں ۔