اقوام متحدہ(شِنہوا) چین کے سفیر نے تمام ممالک سے ہیٹی گینگ کو ہتھیاروں کی فراہمی کے ذرائع ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
اقوام متحدہ میں چین کے نائب مستقل نمائندے گینگ شوانگ نے کہا کہ اکتوبر 2022 میں، چین نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں ہیٹی کے گروہوں کے خلاف کارروائی کے لیے دباؤ ڈالا تھا جس پر کونسل نے متفقہ طور پر قرارداد 2653 منظور کرتے ہوئے مخصوص پابندیاں عائد کیں۔کونسل نے اب بھی متفقہ طور پر قرارداد 2700 منظور کی ہے، جس میں عائد پابندیوں میں ایک سال کے لیے تجدید کی گئی ہے۔
انہوں نے رائے شماری میں چین کے ووٹ کی وضاحت میں کہا کہ امید ہے کہ متعلقہ اقدامات کو سنجیدگی سےنافذ کیا جائے گا اور اس سے گینگ تشدد کو روکنے، ہیٹی کے لوگوں کے تحفظ اور وہاں امن بحال کرنے میں مدد ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ قرارداد 2700 میں تمام ممالک سے مطالبہ کیا گیا کہ ہیٹی میں چھوٹے اور ہلکے ہتھیاروں کی غیر قانونی ترسیل کو روکنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں۔ ہم امید کرتے ہیں کہ تمام ممالک، خاص طور پر علاقائی ممالک قرارداد کے تقاضوں پر عمل درآمد کے لیے ٹھوس اقدامات کریں گے اور گروہوں کے لیے ہتھیاروں کے ذرائع کو ختم کریں گے۔