• Dublin, United States
  • |
  • Jan, 12th, 25

شِنہوا پاکستان سروس

چین کا چھونگ چھنگ، تھائی ڈورینز کی درآمد کا تیز رفتار راستہ بن گیاتازترین

June 11, 2023

چھونگ چھنگ (شِنہوا) چین کے جنوب مغربی چھونگ چھنگ نے اتوار کے روز تھائی لینڈ کی ڈورینز کی پہلی براہ راست کولڈ چین ٹرین کا خیرمقدم کیا جو نئی بین الاقوامی زمینی سمندری تجارتی راہداری کے ذریعے اس بڑے شہر پہنچی ہے۔

تھائی لینڈ سے آنے والے 1 لاکھ 50 ہزار ڈورینز کو پہلے بذریعہ سڑک لاؤس پہنچایا گیا ، جہاں انہیں ایک ٹرین میں لاد کر چائنہ-لاؤس ریلوے کے ذریعے چین میں بھیجا گیا۔

پھل کی خریدار کمپنی ہونگ جیو فروٹ کے چیف آپریٹنگ آفیسر ڈینگ ہاؤجی نے بتایا کہ اس پورے سفر میں 4 دن لگے جبکہ اس سے قبل سمندری راستوں سے 8 سے 10 یوم لگتے تھے۔

ڈینگ نے بتایا کہ پھل درآمد کرنے والوں کے لیے وقت پیسہ ہے اور ہر گھنٹہ قیمتی ہوتا ہے، اس ڈورین ٹرین نے اخراجات میں کمی کے ساتھ ساتھ نقل و حمل کے دوران ہونے والے نقصانات بھی کم کردیئے ہیں۔

زیادہ تر ڈورینز چھونگ چھنگ کے بازاروں میں فروخت کئے جائیں گے جبکہ باقی بذریعہ ٹرین اپنا سفر جاری رکھتے ہوئے پڑوسی صوبہ سیچھوان پہنچیں گے۔

جنوب مشرقی ایشیائی اقوام کی تنظیم (آسیان) کی زرعی مصنوعات کی بڑھتی تعداد میں ڈورینز شامل ہیں۔ علاقائی جامع اقتصادی شراکت داری معاہدے اور سرحد پار نقل و حمل کے بنیادی ڈھانچے میں بہتری کے سبب چینی منڈی میں اس کے داخلے میں اضافہ کیا ہے۔

کسٹمز اعدادوشمار کے مطابق چین نے 2022 میں 8 لاکھ 25 ہزارٹن ڈورینز درآمد کئے تھے جس میں 7 لاکھ 80 ہزار ٹن تھائی لینڈ سے آئے تھے۔