اقوام متحدہ (شِنہوا)اقوام متحدہ میں چین کے مندوب نے انسداد دہشت گردی کے حوالے سے دوہرا معیار ختم کرنے کا مطالبہ کیاہے۔ اقوام متحدہ میں چین کے مستقل نمائندے ژانگ جون نے کہا کہ دہشت گردی ایک اہم چیلنج ہے جس سے بین الاقوامی امن اور سلامتی کو خطرہ ہے۔ انسداد دہشت گردی کی پیچیدہ اور سنگین صورتحال کے پیش نظر انسداد دہشت گردی بین الاقوامی تعاون کو مضبوط بنانے کی فوری ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے ممالک کے درمیان ہم آہنگی کی کوششوں میں اقوام متحدہ کے اہم کردار کی حمایت کرتا ہے۔ چینی نمائندے نے کہا کہ دہشت گردی اچھی یا بری نہیں ہوتی۔ انسداد دہشت گردی میں دوہرا معیار نہیں ہونا چاہیے، یہ نہیں ہونا چاہئے کہ خود کے لیے خطرے کا باعث بننے والی دہشت گرد تنظیموں کا مقابلہ کرنے پر توجہ مرکوز ہو اور ان دہشت گرد تنظیموں پر آنکھیں بند کرلی جائیں جو دوسرے ممالک کو نقصان پہنچاتی ہوں یا انہیں دوسرے ممالک کے اندرونی معاملات میں مداخلت کے لیے استعمال کیا جاتا ہو۔
اقوام متحدہ کی عالمی انسداد دہشت گردی کی حکمت عملی پر جنرل اسمبلی کے ایک مباحثے میں حصہ لیتے ہوۓ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی خطرات کا مقابلہ سطحی طور پر نہیں ہوسکتا، بلکہ دہشت گردی کو جنم دینے والی بنیادی وجوہات کو ختم کرنے پر توجہ مرکوز کرنی چاہیے۔