بیجنگ(شِنہوا)چین کی وزارت خارجہ کی ترجمان نے امریکہ سے چین کے اردگرد فوجی نگرانی فوری ختم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ دوسرے ممالک کی نگرانی اور جاسوسی کرنے میں سب سے آگے ہے۔ترجمان ما ننگ نے ان خیالات کااظہار روزانہ کی پریس بریفنگ میں ان میڈیا رپورٹس کے حوالے سے کیا جن میں کہا گیا ہے کہ نمیبیا نے حال ہی میں اپنے پانیوں میں ڈیٹا اکٹھا کرنے والے سیل ڈرون کا پتہ چلا یا ہے۔ترجمان نے یہ بھی بتایا کہ ایک تھنک ٹینک،چین کے جنوبی سمندرکی تزویراتی صورتحال کے پروبنگ انیشی ایٹو کی طرف سے جاری کردہ تازہ ترین اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ امریکہ کے جاسوس طیارے نے رواں سال جنوری میں جنوبی بحیرہ چین کے اوپر64 پروازیں کیں۔امریکہ کو نگرانی اور جاسوسی کرنے میں نمبر ایک ملک قرار دیتے ہوئے، ما نے کہا کہ اس کے پاس پوری دنیا میں طویل عرصے سے جاری انٹیلی جنس پروگرام ہیں۔ترجمان نے کہا کہ امریکی طیارے اور جنگی جہاز اکثر چین کے گرد قریب آکر جاسوسی کرتے ہیں، جس سے اس کی قومی سلامتی کو شدید خطرہ اور علاقائی امن و استحکام کو نقصان پہنچتا ہے۔