اقوام متحدہ (شِنہوا) چین نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس سے کہا ہے کہ وہ افغانستان کے لیے خصوصی ایلچی کی تقرری کے معاملے میں محتاط رہیں۔
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں گزشتہ روزافغانستان کے آزادانہ جائزہ سے متعلق ایک قرارداد منظور کی گئی، جس میں سیکریٹری جنرل سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ افغانستان کے لیے خصوصی ایلچی مقرر کریں تاکہ اس جائزہ امور کی سفارشات پر عمل درآمد کیاجاسکے۔
چین اور روس نے رائے شماری میں حصہ نہیں لیا جبکہ سلامتی کونسل کے باقی 13 ارکان نے قرار داد کے حق میں ووٹ دیا۔
اس حوالےسے اپنے بیان میں اقوام متحدہ میں چین کے نائب مستقل نمائندے گینگ شوانگ نے سیکرٹری جنرل سے خصوصی ایلچی کی تقرری کے معاملے میں احتیاط برتنے کا مطالبہ کیا۔
گینگ نے کہا کہ چین نے ہمیشہ اس بات کو اہمیت دی ہے کہ افغانستان کے مسائل سے نمٹنے کے دوران، سلامتی کونسل اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے اقدامات بشمول خصوصی ایلچی کی تقرری، متعلقہ ممالک کے ساتھ مکمل رابطے اور ان کی رائے کے احترام پر مبنی ہونی چاہیے۔