• Columbus, United States
  • |
  • Jan, 17th, 25

شِنہوا پاکستان سروس

چین کا عالمی برادری سے جنوبی سوڈان میں سیاسی عمل کو آگے بڑھانے میں مدد کا مطالبہتازترین

March 06, 2024

اقوام متحدہ(شِنہوا)اقوام متحدہ میں چین نے بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ جنوبی سوڈان میں سیاسی عمل کو آگے بڑھانے اور سلامتی کے شعبے میں اسکے استعداد کار میں اضافے میں مدد کرے۔

اقوام متحدہ میں چینی مشن کے ناظم الامور ڈائی بِنگ نے کہا ہے کہ یہ سال جنوبی سوڈان کے لیے سیاسی منتقلی کے عمل اور پرامن ترقی کو فروغ دینے کے حوالے سے بہت اہمیت کا حامل ہے اور چین  کا موقف ہے کہ  عالمی برادری کو اپنی حمایت میں اضافہ کرنا چاہیے۔

چینی مندوب نے سلامتی کونسل سے خطاب میں کہا کہ امن معاہدے اورعبوری مدت میں توسیع کے حوالے سے روڈ میپ کے اہم معیارات پر عملدرآمد میں تیزی لانے کے لیے چین جنوبی سوڈان کی جماعتوں کی حمایت کرتا ہے تاکہ سیاسی تبدیلی اور عام انتخابات کے انعقاد کے لیے سازگار حالات پیدا کیے جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی سوڈان میں سیاسی عمل میں مزید تعاون فراہم کرنے کے لیے چین افریقی یونین، بین الحکومتی اتھارٹی برائے ترقی اور اقوام متحدہ کے سہ فریقی میکانزم کی حوصلہ افزائی کرتا ہے۔

ڈائی بِنگ نے کہا "یہ بات واضح ہونی چاہیے کہ انتخابات جنوبی سوڈان کا اندرونی معاملہ ہے۔ اس وقت ملک کو سیاسی منتقلی  کے عمل کو فروغ دینے سمیت عام انتخابات کی تیاریوں میں عملی طور پر متعدد مشکلات درپیش ہیں۔ عالمی برادری جنوبی سوڈان کی خودمختاری اور سالمیت کا مکمل احترام کرتے ہوئےصبرکا دامن تھامے رکھے اور ملک کے ساتھ بات چیت کاعمل جاری رکھے۔

خاص طور پر، بین الاقوامی برادری کو کچھ افریقی ممالک میں حالیہ ہنگامہ آرائی کی صورتحال سے سبق حاصل کرنا چاہیے اور دباؤ ڈال کر یا "جمہوری منتقلی"کےلیے مجبور کر کے جنوبی سوڈان کے اندرونی معاملات میں مداخلت سے گریز کرنا چاہیے، کیونکہ ایسا کرنا جنوبی سوڈان کے طویل مدتی استحکام میں مددگارثابت نہیں ہوگابلکہ اس کےبرعکس یہ نئی ہنگامہ خیزی کو جنم دے سکتا ہے۔