بیجنگ (شِنہوا) چین امیگریشن انتظامیہ کی پالیسیوں اور اقدامات کو 8 جنوری 2023 سے بہتر بنائے گا تاکہ ملک میں نوول کرونا وائرس میں کمی بارے کئے گئے اقدامات پر عمل درآمد ہوسکے۔
نیشنل امیگریشن ایڈمنسٹریشن نے ایک مراسلہ میں کہا ہے کہ بہتر پالیسیوں اور اقدامات میں سیاحتی مقاصد کے لیے عام پاسپورٹ بارے چینی شہریوں کی درخواستیں قبول کرنا، ان کی منظوری اور بیرون ملک سے دوستوں کی آمد کا عمل دوبارہ شروع کرنا شامل ہے۔
مراسلے میں بتایا گیا ہے کہ انتظامیہ سیاحت اور کاروباری مقاصد کے لئے ہانگ کانگ خصوصی انتظامی علاقے کا دورہ کرنے والے چینی مین لینڈ کے رہائشیوں کی توثیق کا عمل دوبارہ شروع کررہی ہے۔
عوامی جمہوریہ چین میں داخل ہو نے اور با ہر جانے کے اجازت نامے ،سرحدی کنٹرول والے علاقوں میں داخلے اور خروج کے اجازت نامے جاری کرنے کا عمل بھی دوبارہ شروع کیا جارہا ہے۔
مراسلے کے مطابق غیرملکیوں کی جانب سے عام ویزوں، قیام اور رہائشی اجازت ناموں کی درخواستوں بارے خدمات دوبارہ شروع کی جائیں گی اور فوری ضرورت کی صورت میں تیز رفتار طریقہ کار اختیار کیا جاسکتا ہے ۔
مراسلے میں بتایا گیا ہے کہ دوبارہ شروع کی جانے والی خدمات میں پورٹ ویزوں کا اجرا، 24، 72 اور 144 گھنٹے کی ویزہ فری راہداری پالیسی پر عملدرآمد اور عارضی داخلہ اجازت ناموں کا اجرا شامل ہوگا۔
ملک میں زمینی بندرگاہوں اور راستوں سے مسافروں کی کلیئرنس بارے خدمات بتدریج بحال ہوں گی، زمینی بندرگاہوں اور راہداریوں سے مسافروں اور سرحدی رہائشیوں کا داخلہ اور خروج بھی شروع ہوگا۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ہانگ کانگ اور مکاؤ خصوصی انتظامی علاقوں سے ملحقہ بندرگاہوں پر تیز رفتار چینلز معمول کے تحت کام کریں گے۔
آبی بندرگاہوں پر مسافروں کی کلیئرنس کے ساتھ ساتھ منتخب بندرگاہوں پر بین الاقوامی کروز مسافروں کے داخلے اور خروج کا انتظام منظم انداز سے دوبارہ شروع کیا جائے گا۔
مراسلے میں سہولیات کے مختلف اقدامات کا بھی ذکر ہے جن پر عملدرآمد جاری رہے گا ۔ان میں اہم کارگو پروازوں کے لئے ہوائی اڈوں پر گرین چینلز ، زمینی بندرگاہوں پر تیز رفتار چینلز اور کلیدی سامان لے جانے والی گاڑیوں کے لئے امیگریشن انسپکشن اسٹیشن ، اور آبی بندرگاہوں پر استعمال ہونے والے امیگریشن انسپکشن بورڈنگ کوڈ کے لئے ایک آن لائن پرسنل ایپلی کیشن پورٹل شامل ہیں۔