ارمچی(شِنہوا) چین کے شمال مغربی خودمختار ویغور خطے سنکیانگ میں زندگی معمول پر آ رہی ہے اور پیداوار کو بتدریج بحال کرنے کے ساتھ نوول کرونا وائرس ردعمل کے اقدامات کو بھی مزید بہتر بنایا جا رہا ہے۔
علاقائی دارالحکومت ارمچی میں عوامی نقل و حمل اور لاجسٹکس کی خدمات بتدریج دوبارہ شروع ہو گئی ہیں اور دفتری عمارتیں و شاپنگ مالز 5 دسمبر سے کھلے ہیں، دوسرے شہروں اور پریفیکچرز میں بھی اس کی پیروی کی جا رہی ہے۔
سنکیانگ کیٹرنگ ایسوسی ایشن کے سربراہ وانگ روبنگ نے بتایا کہ ریستورانوں نے اندر بیٹھ کر کھانا کھانے کی خدمات کی بحالی کا عمل تیز کر دیا ہے۔ ایسوسی ایشن کے 200 سے زائد رکن کاروباروں کی زیر ملکیت تقریباً 2 ہزار 800 ریستورانوں میں سے 80 فیصد نے اندر بیٹھ کر کھانے کی خدمات دوبارہ شروع کر دی ہیں۔
خطے میں ہوٹل، مووی تھیٹر، جم، سکی ریزورٹس، سیاحتی مقامات اور دیگر تفریحی مقامات ایک منظم انداز میں دوبارہ کھل رہے ہیں اور لوگوں کو عوامی مقامات پر داخل ہونے یا پبلک ٹرانسپورٹ میں سوار ہونے سے پہلے نیوکلیک ایسڈ ٹیسٹ کا منفی نتیجہ پیش کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔
10 دسمبر کو علاقائی حکومت کی طرف سے منعقد کی گئی ایک پریس کانفرنس کے مطابق سنکیانگ کے بیشتر پریفیکچرز اور شہروں میں ڈاک اور کورئیر کی خدمات بتدریج دوبارہ شروع ہو گئی ہیں تقریباً 2 ہزار 900 ڈسٹری بیوشن مراکز معمول کے مطابق کام کر رہے ہیں اور 25 ہزار سے زائد ملازمین کام پر واپس آ چکے ہیں۔