ارمچی(شِنہوا)چین کے شمال مغربی سنکیانگ ویغور خودمختار خطے میں 2022ء کے دوران کپاس کی پیداوار 53 لاکھ 90 ہزار ٹن ہو گئی ہے جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 2 لاکھ 62 ہزار ٹن زیادہ ہے۔
قومی شماریات بیورو(این بی ایس) کے مطابق اس خودمختار علاقے کی پیداوار رواں سال ملک بھر میں کپاس کی مجموعی پیداوار کے 90.2 فیصد کے برابر ہے۔
این بی ایس کے مطابق سنکیانگ میں کپاس کی کاشت کا رقبہ 2022ء میں کم ہو کر تقریباً 3 کروڑ 74 لاکھ 50 ہزار مو (25 لاکھ ہیکٹر) رہ گیا ہے جو قومی زیرکاشت رقبے کے 83.2 فیصد کے برابر ہے۔
سنکیانگ میں 2022ء کے دوران کپاس کی اوسط پیداوار 143.9 کلوگرام فی مو رہی جو گزشتہ سال کے مقابلے میں فی مو 7.5 کلوگرام زیادہ ہے۔
کپاس کی مجموعی پیداوار، فی یونٹ پیداوار، پودے لگانے کے رقبہ اور اجناس کی تقسیم کے لحاظ سے سنکیانگ مسلسل 28 سالوں سے چین میں پہلے نمبر پر موجود ہے۔
مقامی محکمہ زراعت اور دیہی امور نے کہا کہ سنکیانگ نے حالیہ برسوں میں کپاس کی کاشت کے مشینی اور جدید طریقوں کو اپنایا ہے، کپاس کی چنائی کا 80 فیصد سے زائد کام مشینوں کی مدد سے کیا جاتا ہے۔
سنکیانگ 1990ء کی دہائی کے بعد سے آہستہ آہستہ چین میں کپاس کی پیداوار کا سب سے بڑا مرکز اور پوری دنیا میں اس فصل کا ایک اہم پیداوار کنندہ بن گیا ہے۔ خطے کے تقریباً نصف مقامی کسان کپاس کی پیداوار میں اپنا حصہ ڈال رہے ہیں۔