اقوام متحدہ (شِنہوا) اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے چین کے شو ہاؤ لیانگ کو اقوام متحدہ ترقیاتی پروگرام کا انڈر سیکرٹری جنرل اور ایسوسی ایٹ منتظم مقرر کیا ہے۔
شو بھارت کی اوشا راؤ موناری کی جگہ لیں گے۔
شو 2019 سے اقوام متحدہ ترقیاتی پروگرام میں اقوام متحدہ کے معاون سیکرٹری جنرل اور بیورو فار پالیسی اینڈ پروگرام اسپورٹ کے ڈائریکٹر کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں۔ وہ 2013 اور 2019 کے درمیان اقوام متحدہ ترقیاتی پروگرام کے معاون منتظم اور علاقائی بیورو برائے ایشیا اور بحر الکاہل کے ڈائریکٹر کے طور پر کام کرچکے ہیں۔
شو کو عالمی ترقی کے شعبے میں تقریباً 3 دہائیوں کا تجربہ ہے جس نے انہیں اس عہدے پر تعینات ہونے میں مدد دی۔ انہوں نے اقوام متحدہ میں مختلف عہدوں پر کام کیا اور وہ ایشیا بحر الکاہل، یورپ اور وسط ایشیا میں مختلف شعبوں اور ہیڈ کوارٹرز میں کام کرچکے ہیں۔
شو نے اقوام متحدہ میں اپنے کیریئر سے قبل چین اور امریکہ میں سول انجینئرنگ کے شعبے میں کام کیا۔
شو نے چین کی جامعہ ٹونگ جی سے انجینئرنگ میں بیچلر کی ڈگری حاصل کی تھی جس کے بعد انہوں نے امریکہ کے اسٹیونز انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی سے مینجمنٹ سائنس میں ماسٹر ڈگری اور جامعہ کولمبیا سے عالمی امور میں ماسٹر کی ڈگری حاصل کی ہے۔وہ چینی ، انگریزی اور روسی زبانیں بولتے ہیں۔