چین کے صدر شی جن پھنگ کا قازقستان کا سرکاری دورہتازترین
September 15, 2022
نور سلطان(شِنہوا) چین کے صدر شی جن پھنگ جو کہ بدھ کی سہ پہر قازقستان کے سرکاری دورے پر نورسلطان پہنچے تھے کا قازق صدر قاسم جومارت توکایوف نےایئرپورٹ پر پرتپاک استقبال کیا۔
اس موقع پرنائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ مختار تلیبردی اور نور سلطان کےمیئر الطائی کولگینوف بھی موجودتھے۔فوجی بینڈ کی دھنوں کے ساتھ 70ارکان پرمشتمل گارڈ نےقائدین کوسلامی پیش کی،خوبصورت لباس پہنے قازق بچیوں نے صدر شی کو پھول پیش کیے۔
صدر شی نے اپنے رسمی خطاب میں چینی حکومت اور عوام کی جانب سے قازق حکومت اور عوام کو مخلصانہ مبارکباد دیتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ صدر شی نے اس بات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہ پہاڑوں اور دریاؤں سے جڑے ہوئے دونوں ممالک اچھے پڑوسی، اچھے دوست اور ہم نصیب مستقبل کے اچھے شراکت دار ہیں مزید کہا کہ سفارتی تعلقات کے قیام کے بعد سے گزشتہ 30 سالوں کے دوران چین اور قازقستان کے تعلقات تیزرفتار ترقی کرتے ہوئے مستقل جامع اسٹریٹجک شراکت داری کی اعلیٰ سطح تک پہنچ گئےہیں۔ انہوں نے کہا کہ دورے کے دوران وہ اپنے قازق ہم منصب کے ساتھ بات چیت کریں گے تاکہ دوطرفہ ہمہ جہت تعاون کے لیے مشترکہ طور پر ایک نیا خاکہ تیار کیا جا سکے۔ انہوں نے اس یقین کا بھی اظہار کیا کہ یہ دورہ دونوں ممالک کی مشترکہ ترقی اور خوشحالی میں تازہ اور مضبوط تحریک پیدا کرے گا۔
ڈنگ شیو شیانگ،یانگ جیچھی،وانگ یی ،ہی لی فینگ اور دیگر حکام بھی صدر شی کے ہمراہ ہیں۔قازقستان میں چین کے سفیر ژانگ شیاؤ بھی وفد کے استقبال کے لیے ایئرپورٹ پر موجود تھے۔
صدرشی کی آمد کے موقع پرنورسلطان کے شہرمیں سنہری خزاں کا ایک خوشگوار دن تھا جب ۔ شاہراہوں پر پانچ ستاروں والے سرخ پرچم لہرارہے تھے، موٹرسائیکل ایسکارٹ کے ساتھ صدر شی کا قافلہ اک اوردا صدارتی محل پہنچا۔ جہاں پر توکایف نے وفد کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس کے بعد دونوں سربراہان مملکت ایک ساتھ صدارتی محل کے مرکزی ہال کی طرف روانہ ہوئے۔
صدارتی محل میں صدر شی کے اعزاز میں ایک شاندار استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔دونوں ممالک کے قومی ترانے بجائے گئے اورصدر شی نے توکایف کے ہمراہ گارڈ آف آنرز کا معائنہ کیا۔
استقبالیہ تقریب کے بعد صدر شی نے قازقستان-چین ہزار سالہ ڈائیلاگ کے عنوان سے منعقد کی گئی آرٹ نمائش دیکھی۔نمائش میں قازقستان کے اسٹیٹ میوزیم آف آرٹس کے چینی اور قازق آرٹ کے نمونے رکھے گئے تھے۔شاندار چینی پینٹنگز اور چینی مٹی کے برتن اور قازق ریشم اور سرامکس ہزار سالہ چینی اور قازق تہذیبوں کے درمیان باہمی تعلق کے واضح ثبوت تھے۔
اس کے بعد دونوں ممالک کے صدور کے درمیان باضابطہ مذاکرات ہوئے۔
چینی صدر نے کہا کہ دوطرفہ سفارتی تعلقات کے قیام کے بعد سے گزشتہ تین دہائیوں کے دوران دونوں ممالک کے تعلقات بدلتے ہوئے بین الاقوامی منظرنامے کی ہر آزمائش میں پورے اترے ہیں جس کے دوران ٹھوس اور نتیجہ خیزفوائد حاصل ہوئے۔