چھونگ چھنگ(شِنہوا) چین کے سب سے بڑے شیل گیس فیلڈ فولنگ سے 2012 میں اس کی دریافت سے نومبر 2022 تک کی گزشتہ دہائی کے دوران 53 ارب مکعب میٹر سے زیادہ شیل گیس کی پیداوار حاصل کی گئی ہے۔
شیل گیس بنیادی طور پر میتھین ہے۔ جسے صاف نئی توانائی کا ذریعہ سمجھا جاتا ہے۔ گزشتہ 10 سالوں میں، گیس فیلڈ میں مجموعی طور پر897 ارب 50کروڑ کیوبک میٹر کے ثابت شدہ ذخائر کی تصدیق ہوئی ہے، جو چین کے مصدقہ شیل گیس کے ذخائر کا 34 فیصد ہیں۔ فولنگ سے سالانہ پیداوار 2013 میں 14کروڑ 20لاکھ کیوبک میٹر سے بڑھ کر 2021 میں 8ارب 50کروڑ کیوبک میٹر سے زیادہ رہی ہے۔
2014 میں تجارتی پیمانے پر ترقی کے مرحلے میں داخل ہونے والے ملک کے پہلے بڑےشیل گیس فیلڈ کے طور پر، جنوب مغربی چھونگ چھنگ میونسپلٹی میں فولنگ نے گزشتہ سالوں میں دریائے یانگتسی کی اقتصادی پٹی کے ساتھ 70 سے زیادہ شہروں میں ماحول دوست اور صاف توانائی فراہم کی ہے۔فولنگ شیل گیس کمپنی،سائنوپیک جیانگ ہان آئل فیلڈ کے پارٹی سیکرٹری سونگ جونبی کا کہنا ہے کہ فولنگ شیل گیس فیلڈ کی تلاش چین کے توانائی کے ڈھانچے کو اپ گریڈ کرنے، توانائی کی موثر فراہمی کو یقینی بنانے اور وسطی اور مشرقی علاقوں میں قدرتی گیس کی سپلائی کے دباؤ کو کم کرنے کے لیے انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔