• Dublin, United States
  • |
  • May, 4th, 24

شِنہوا پاکستان سروس

چین کے ساتھ تعاون اور دوستی اہم ہے، وزیراعظم جارجیاتازترین

April 24, 2024

تبلیسی (شِنہوا)جارجیا کے وزیراعظم اراکلی کوباخ ادزے نے کہا ہے کہ چین کے ساتھ تعاون اور دوستی اہم ہے اور چین سے سٹریٹجک شراکت داری سے ٹھوس نتائج پہلے ہی مل چکے ہیں۔

شِںہوا کے ساتھ ایک انٹرویو میں کوباخ ادزے نے کہا کہ باہمی ویزا فری نظام متعارف کرایا گیا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان براہ راست پروازیں شروع ہوچکی ہیں اور دونوں نے آزاد تجارتی معاہدوں پر دستخط بھی کئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جارجیا دونوں ممالک کے درمیان تعاون مزید مستحکم کرنے سے متعلق پرعزم ہے۔

جارجیا میں کویشتی -کوبی شاہراہ پر ایک بڑی سرنگ کی تعمیر مکمل ہوئی ہے جسے چائنہ ریلوے ٹنل گروپ نے تعمیر کیا ہے۔ جارجیا کے شمالی میں واقع اس سرنگ میں 9 ہزار میٹر لمبی مرکزی سرنگ اور ہنگامی سرنگیں بنائی گئی ہیں جن کے فعال ہونے سے کویشتی-کوبی شاہراہ کے اس حصہ پر سفر کا دورانیہ ایک گھنٹے سے کم ہو کر 20 منٹ رہ جائے گا۔

وزیراعظم کوباخ ادزے نے کہا کہ یہ منصوبہ جارجیا میں رابطے مضبوط بنانے میں اہم کردار کرے گا جبکہ اس کے اہم اقتصادی اثرات مرتب ہوں گے اور اس سے خطے میں سیاحت کے فروغ  کی بھی توقع ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ سرنگ ملک کی طویل ترین سرنگ ہے جس سے پہاڑی علاقوں کے مقامی رہائشیوں کو موسم سرما میں سفر کی سہولت ملے گی اور مال کی ترسیل میں آسانی ہوگی۔

کوباخ ادزے نے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ یہ منصوبہ چینی کمپنی کے تعاون سے مکمل ہوا جس نے بہت اچھا کام کیا ہے۔ انہیں امید ہے کہ مستقبل میں مزید مشترکہ منصوبوں پر کام کیا جائے گا۔

کوباخ ادزے نے مزید کہا کہ چین کا مجوزہ بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو بہت اہم ہے اور اس فریم ورک کے تحت قائم منصوبے ملک میں رابطے مضبوط بنانے میں مدد دیں گے جو ترقی میں ایک ترجیح ہے۔