بیجنگ (شِنہوا)چینی استغاثہ نے سابق سینئر سیاسی مشیر شین دی یونگ کے خلاف رشوت خوری کے مبینہ جرم کے الزام میں فرد جرم عائد کردی ہے۔
شین اس سے قبل چین کی عوامی سیاسی مشاورتی کانفرنس (سی پی پی سی سی ) قومی کمیٹی کی قائمہ کمیٹی کے رکن اور عوامی سیاسی مشاورتی کانفرنس قومی کمیٹی کی سماجی اور قانونی امور کی کمیٹی کے سربراہ تھے۔ وہ ایک مرتبہ سپریم پیپلز کورٹ کے نائب صدر بھی رہ چکے ہیں۔
سپریم پیپلز پروکیوریٹوریٹ (ایس پی پی) کے مطابق منگل کو عائد کردہ فرد جرم میں کہا گیا ہے کہ شین نے دوسروں کے لیے فوائد حاصل کرنے کی خاطر اپنے مختلف عہدوں کا فائدہ اٹھایا اور بدلے میں خاص طور پر بھاری رقم اور تحائف قبول کیے۔
شین کا مقدمہ ژے جیانگ صوبے میں ننگ بو سٹی پروکیوریٹوریٹ نے دائر کیا ہے۔
سپریم پیپلز پروکیوریٹوریٹ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ استغاثہ نے مدعا علیہ کو اس کے قانونی چارہ جوئی کے حقوق سے آگاہ کیا، اس سے پوچھ گچھ کی اور وکلاء کی رائے سنی۔