اقوام متحدہ (شِنہوا) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا ہے کہ انہیں چین کے سابق صدر جیانگ ژیمن کے انتقال کی خبر سن کر بہت دکھ ہوا ہے۔
انتونیو گوتریس نے ایک بیان میں کہا کہ جیانگ ژیمن بین الاقوامی معاملات کے زبردست حامی تھے، ان کے دور اقتدار میں بہت اقتصادی ترقی ہوئی اور چین عالمی تجارتی تنظیم میں کامیابی سے شامل ہوا۔
گوتریس نے کہا کہ جیانگ کی قیادت میں چین نے 1995 میں خواتین بارے تاریخی چوتھی عالمی کانفرنس کی میزبانی کی۔ ستمبر 2000 میں انہوں نے نیویارک میں اقوام متحدہ کے ملینیم سربراہ اجلاس میں شرکت کی تھی۔
انتونیو گوتریس نے کہا کہ وہ پرتگال کے وزیراعظم کی حیثیت سے مکاؤ انتظامیہ کو چین کے حوالے کرنے کی ہموار منتقلی کو یقینی بنانے میں جیانگ ژیمن کی ذاتی گرم جوشی اور کشادگی اور بہترین تعاون کو کبھی فراموش نہیں کرسکیں گے۔
اقوام متحدہ کی جانب سے انہوں نے جیانگ کے اہل خانہ ، چینی حکومت اور چینی عوام سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔