پوکھرا، نیپال (شِنہوا) چین کی ٹیکنالوجی کمپنی ٹینسینٹ کی موبائل ادائیگی سروس وی چیٹ پے کو نیپال کے مشہور سیاحتی مقام پوکھرا میں لانچ کردیا گیا۔
ٹینسینٹ نے جنوبی ایشیائی ملک میں وی چیٹ پے سروس شروع کرنے کے لئے نیپال کے این ایم بی بینک لمیٹڈ سے شراکت داری کی ہے۔
نیپال کے مرکزی بینک ، نیپال راسترا بینک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر گرو پرساد پوڈیل نے افتتاحی تقریب میں کہا کہ انہیں پختہ یقین ہے کہ یہ تعاون نیپال میں چینی سیاحوں کے لئے محفوظ اور آسان سرحد پار تجارتی ادائیگیوں کی نئی راہیں کھولے گا۔
انہوں نے کہا کہ اس سے دونوں ممالک میں سرحد پار تجارت، سیاحت اور ترسیلات زر میں مزید اضافہ ہوگا۔
تقریب سے خطاب میں نیپال میں چین کے سفیر چھن سونگ نے کہا کہ نیپال میں وی چیٹ پے کے آغاز اور فروغ کے لئے یہ صحیح وقت ہے اور "بڑی اہمیت سے بھر پور" ہے۔
انہوں نے بیرون ملک جانے والے چینی سیاحوں کی ہر سال بڑھتی تعداد اور نیپال میں "چینی سیاحتی مارکیٹ کے سازگار امکانات" بارے بات کی۔
چھن نے کہا کہ چین نیپال کے ساتھ پالیسیوں میں ہم آہنگی بڑھانے کو تیار ہے جو صرف روایتی شعبوں تک محدود نہ ہوں بلکہ مالیاتی خدمات کی تجارت جیسے ابھرتے ہوئے شعبوں میں بھی نئی بنیادیں قائم کرے جس سے باہمی تعاون اور فوائد میں زبردست امکانات پیدا ہوں گے۔