بیجنگ(شِنہوا)چین کے نائب وزیرخارجہ شی فینگ اور ملک کے دورے پر آنیوالے امریکی معاون وزیر خارجہ برائے مشرقی ایشیا و بحرالکاہل امور ڈینیل کرٹن برنک اور وائٹ ہاؤس کی نیشنل سیکورٹی کونسل میں چینی امور کی سینئر ڈائریکٹر لورا روزنبرگر کے مابین 11 سے 12 دسمبر تک بیجنگ کے قریبی شہر لانگ فانگ میں مذاکرات کا انعقاد کیا گیا ہے۔
چین کی وزارت خارجہ نے پیر کے روز ایک پریس ریلیز میں بتایا کہ دونوں فریقوں نے انڈونیشیا کے شہر بالی میں چینی اور امریکی صدور کے درمیان طے پانے والے اتفاق رائے کو عملی جامہ پہنانے کے بارے میں گہرائی سے بات چیت کی۔ انہوں نے چین ۔ امریکہ تعلقات کے رہنما اصولوں پر مشاورت کو آگے بڑھانے اور دوطرفہ تعلقات میں اہم حساس مسائل جیسے تائیوان کے سوال کو مناسب طریقے سے ہینڈل کرنے کے ساتھ ساتھ ہر سطح پر تبادلوں اور مخصوص شعبوں میں تعاون کو مضبوط بنانے پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
انہوں نے مشترکہ دلچسپی کے بین الاقوامی اور علاقائی امور پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
دونوں فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ بات چیت بے جھجھک ، تفصیلی اور تعمیری تھی اور باہمی رابطے برقرار رکھے جائیں گے۔